سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شارق جمال اور ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی سمیت شرکت کی۔ صدر ارشد انصاری ، سینئرنائب صدر جاوید فاروقی ، نائب صدر سلمان قریشی ، سیکرٹری زاہد چوہدری ، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر ، ممبر گورننگ باڈی ہمامیر ،عمران شیخ ، محمدحسنین چوہدری ، فاروق جوہری ، سید رضوان شمسی اور فوزیہ غنی نے معزز مہمانوں کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا ۔ صدر ارشد انصاری نے کہاکہ جب سے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے چارج سنبھالاہے لاہور میں امن و امان کی صورتحال دن بدن بہتر ہوتی جارہی ہے ، وہ ایک کہنہ مشق محنتی اور انسانیت سے محبت کرنے والے بہترین افسر ہیں جو تھانہ کلچر کوعوام کے حق میں تبدیل کرنے کے جذبے سے سرشارہیں جس کے لئے ہم انھیں خراج تحسین پیش کر تے ہیں ۔ سی سی پی لاہور غلام محمود ڈوگر نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ مجھے لاہور پریس کلب آکر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے ، میں میڈیاکو معاشرے کی آنکھ تسلیم کر تاہوں جو ہرطرح سے ہمیں باخبر رکھتے ہیں جس سے ہمیں امن وامان کو قائم رکھنے میں مدد ملتی ہے، آپ کی تھپکی ملتی رہے تو ہماری کارکردگی بھی دن بدن نکھرتی چلی جائے گی ، ہماری تمام سرگرمیاں میڈیا کے بغیر ممکن نہیں، میڈیا اور پولیس کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے ، آپ کاحق ہے کہ ہم پرتنقید کریں اور ہماری خامیوں کی نشاندہی کریں لیکن اگر آپ ہماری اچھی کارکردگی کو بھی منظرعام پر لائیں تو اس سے ہماری پرفارمنس پر بھی بہت مثبت اثر پڑتاہے ، جس دن ہم میڈیا میں اپنی مثبت کارکردگی کا ذکر دیکھ پڑھ لیں وہ دن ہمارے لئے بہترین دن ثابت ہوتاہے ، آپ اور ہم دونوں اللہ کی مخلوق کی خدمت کے لئے منتخب کئے گئے ہیں لہذا ہمیں اپنے منصب کو رب کی عطاسمجھ کر خدمت کے جذبے سے سرشارہوکر کام کرناچاہیے ۔ سی سی پی او لاہور نے شہر میں امن و امان کی صورتحال اور لاہور پولیس کے اقدامات کے حوالے سے بتایاکہ ہم نے آپ کی مدد سے بدمعاشوں ، قبضہ گروپوں ، نوسربازوں کے خلاف کارروائی کی جس سے شہر میں گذشتہ تین ماہ میں 30 سے 35 فیصد جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے، لاہور کو غنڈوں،قبضہ گروپوں سے پاک کرنا ہے ، جرائم پیشہ افراد کو کٹہرے میں لانا ہمارا مشن ہے ،میڈیا پولیس کا اچھا چہرہ قوم کو دیکھائے تو عوام کا اعتماد بڑھے گا ، ہماری کارکردگی بھی قوم کو دیکھائی جائے، ہم صرف مخلوق خدا سے پیار کرنے والے محافظ ہیں، ہم عوام کے لیے آسانیان پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں،پولیس تھانوں کی صورتحال ماضی سے قدرے بہتر ہوچکی ہے، تھانہ کلچر آہستہ آہستہ تبدیل ہوگا، اب تھانوں میں سے تشدد کی آوازیں نہیں آئیں گی بلکہ عوام کو تھانوں میںمہمانوں کی طرح ڈیل کیاجائے گا، ہر تھانے میں کمیونٹی گائیڈ تعینات کردیا ہے ، کمیونٹی گائیڈ کو ہر شہری کو معلومات اور رہنمائی کرنے کا پابند کیا ہے۔انھوں نے کہاکہ ہم محدود وسائل میں بہترکارکردگی دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں اگر ہمیں امریکہ اور برطانیہ کی طرح سہولیات فراہم کردی جائیں تو ہم ان سے بھی بہترین کارکردگی دکھانے کی قابلیت رکھتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر ، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شارق جمال اور ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کو لاہور پریس کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔
