اے پی این ایس اور پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے پنجاب استحقاق بل 2021ء کی صوبائی اسمبلی سے منظوری کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ اسمبلی ارکان کے استحقاق کے نام پر یہ پریس کی آزادی کو کچلنے کی کوشش ہے۔ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سرمد علی اور سیکرٹری جنرل مس ناز آفرین سیگل لاکھانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ بل سے ایوان کی جوڈیشل کمیٹی کو کسی صحافی کے قانونی کارروائی اور وارنٹ گرفتاری کے بغیر حراست میں لینے، 6 ماہ تک کی سزا اور 10ہزار روپے جرمانے کے آمرانہ اختیارات حاصل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ جہاں مراعات اور استحقاق کا معاملہ ہو وہاں حکومتی اور اپوزیشن ارکان ایک ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کو ایسا کوئی بھی بل قابل قبول نہیں ہے جو ماوراء عدالت اور جمہوری اقدامات کے خلاف ہو۔
