پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اور میڈیا کا باہمی اعتماد کا رشتہ ہے، حکومتی پالیسیوں پر میڈیا کی تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کے لیے بہت ضروری ہے اور میڈیا کی تعمیری تنقید کا حکومت خیر مقدم کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے، میڈیا ملکی ترقی اور گورننس کی بہتری میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، حکومت میڈیا کے ریاست کا چوتھا ستوں ہونے پر یقین رکھتی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اڑان پاکستان مقامی طور پر تیار کردہ ملکی ترقی کا منصوبہ ہے، اس منصوبے کو میڈیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے کامیاب بنائیں گے، پاکستان نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سنہری دور دیکھا، آج بھی نواز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام کے بعد ترقی کا سفر جاری ہے، پاکستان کی ترقی کی رفتار 2018 پر جہاں روکی گئی تھی وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکی، برآمدات میں اضافہ، صنعتی و زرعی شعبےکی ترقی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ہے، پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس آکر معاشی ترقی کی طرف گامزن ہوا۔۔وفد کے شرکاء نے وزیراعظم سے کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام کی ضروت ہے، حکومت اس ضمن میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزارتِ اطلاعات کے اعلی افسران، چیئرمین پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن میاں عامر محمود، میر ابراہیم، ناز آفرین سہگل، سلطان لاکھانی، سلمان اقبال، شکیل مسعود، ندیم ملک اور کاظم خان شریک تھے۔
میڈیا کی تعمیری تنقید کا خیرمقدم کرتے ہیں، شہبازشریف۔۔
Facebook Comments