بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے ایف آئی اے چھاپے کے دوران مشتعل تاجروں کی طرف سے میڈیا ٹیموں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مشتعل افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔بی یو جے کے صدر عرفان سعید جنرل سیکرٹری منظور احمد اور کابینہ کے دیگر ارکان نے اپنے بیان میںمقامی مارکیٹ میں صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو یرغمال بنانے، تشدد کرنے اور گاڑیوں پر حملے کرنے کےعمل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے غیرقانونی کرنسی ڈیلرز کے خلاف کارروائی کے دوران میڈیا ٹیموں کے ساتھ ناروا سلوک اور ٹی وی چینلز کی گاڑیوں پرحملہ کرکے ڈی ایس این جی سمیت میڈیا کی چھ گاڑیوں کے ٹائر برسٹ کرنا ناقابل برداشت اور صحافتی فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ بننے کے مترادف ہے۔ فوٹیج کے ذریعے میڈیا ٹیموں پر حملہ آور مشتعل افراد کی نشاندہی کرکے پولیس کو بی یو جے کے صدر کی مدعیت میں ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواست دیدی ہے، بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ سٹی تھانہ کے افسران واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کو فوری گرفتار کریں۔ بی یو جے صدر اور جنرل سیکرٹری نے کہا کہ واقعہ کے بعد مرکزی انجمن تاجران کے ذمہ داروں کا بی یو جے قیادت سے موقع پر ملاقات اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں تاہم صحافیوں کے ساتھ مشتعل افراد کا نارواسلوک قابل گرفت عمل ہے اور سرکاری ادارے کی جانب سے کارروائی کا غصہ نہتے صحافیوں پر اتارنا غیر مہذب فعل ہے، تاجر برادری سے امید ہے کہ وہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں پولیس کی مدد کریں گے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے واقعہ پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
میڈیا کی گاڑیوں پر حملے، بی یوجے کا ہنگامی اجلاس طلب۔۔
Facebook Comments