کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے میڈیا کو درپیش نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا اور آزادی صحافت کو درپیش ہر قسم کے سیاسی، ریاستی، غیر ریاستی اور معاشی دباؤ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔پیمرا کے نت نئے ہدایت نامے اور احکامات میڈیا اداروں اور اخبارات کے پرنٹنگ پریس پر بغیر اطلاع چھاپہ مار کاروائیاں سمیت اخباری اسٹالوں کو جبراً ہٹایا جانا آزاد میڈیا کے فروغ میں شدید رکاوٹ ہے۔ان خیالات کا اظہار کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر عارف نظامی نے سالانہ اجلاس عام کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔سی پی این ای کا سالانہ اجلاس عام کراچی کے نجی ہوٹل میں کورونا کی تمام تر ایس او پیز کے ساتھ منعقد ہوا۔۔اجلاس عام میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں سی پی این ای اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس عام میں آزادی اظہار، آزادی صحافت بالخصوص پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے ادائیگیوں کے 85/15 فارمولے کی منظوری کے باوجود پی آئی ڈی کی جانب سے اشتہارات کے واجبات کو براہ راست ادائیگیوں میں سست روی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث اور کورونا وباء کی صورتحال کے پیش نظر میڈیا اداروں میں مالی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ موجودہ حالات میں نہ صرف اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہوگا بلکہ بقایاجات کی وصولی کے لئے بھی اقدامات تیز کرنا ہوں گے۔ اس سلسلے میں سی پی این ای نے کراچی میں واقع مرکزی سیکریٹریٹ سمیت لاہور اور اسلام آباد میں پی آئی ڈی واجبات کی وصولی کے لئے ریکوری سیل بھی تشکیل دیا ہے۔سالانہ اجلاس عام میں عالمی وباء کورونا وائرس کی موجودہ سنگین صورتحال اور لاک ڈاؤن کے باعث اجلاس عام کی جانب سے متفقہ طور پر ایک قرارداد کے ذریعے موجودہ اسٹینڈنگ کمیٹی سمیت تمام عہدیداروں کو مئی 2022ء تک اپنی ذمہ داریوں کا تسلسل جاری رکھنے کی منظوری دیتے ہوئے موجودہ قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ اجلاس عام نے روزنامہ ڈیلی ٹائمز کے گروپ ایڈیٹر علی کاظم وحید کو سینئر نائب صدر منتخب بھی کیا۔۔
