پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے ) نے کہا ہے کہ 2021 میں میڈیا کارکنوں کو منظم ہوکر اپنی ملازمتوں کے تحفظ اور اظہار آزادی کے لئے فیصلہ کن مہم چلانا ہوگی۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذالفقار اور سیکریٹری جنرل ناصر زیدی نے کہا کے ’’بس اب بہت ہوگیا‘‘پی ایف یو جے کے سال نو کے موقع پر جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافی برادری پوری قوت اور اتحاد کے ساتھ 5 جنوری کو صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے مہم کا آغاز کرے گی،ان کا کہنا تھا کہ 2020 میڈیا کے لئے بدترین سال تھا جس میں 8 ہزار سے زائد صحافیوں کو اپنی ملازمت سے نکالا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا انڈسٹری میں بدترین معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے کئی ٹی وی چینلز اور ریجنل نیوزپیپرز کو بند کرنا پڑا اس کے علاوہ صحافیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی،شہزادہ ذالفقار اور ناصر زیدی کا مزید کہنا تھا کہ 2020 میں میڈیا ہاؤسز کوحکومت کی طرف سے سخت سنسرشپ کا سامنا کرنا پڑا اور جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو جعلی کیس میں گرفتار کیا گیا اور ایک اخبار پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ میڈیا سے اس کی آزادی چھیننے کےلئے نئے قوانین کے نفاذکی تیاری کی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دوسری طرف کورونا وائرس نے میڈیا انڈسٹری کے لئے ایک بحرانی کیفیت میں مبتلا کئے رکھا، کورونا کے باعث کئی صحافیوں کی جانیں بھی گئیں اس لئے اب حتمی مزاحمت کیلئے درست وقت ہے، ہم انڈسٹری کو درپیش معاشی بحران اور آزادی اظہار کیلئے لڑنے کو تیار ہیں۔
