پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن ( پی اے اے ) اور آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی ( اے پی این ایس ) کے مشترکہ وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جن میں موجودہ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی اور اشتہارات کی مد میں ادائیگیوں کے مسائل سرفہرست تھے ۔ فردوس عاشق اعوان نے یقین دلایا کہ بہت جلد ان کو حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا انڈسٹری اور حکومت ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں اور میڈیا انڈسٹری کے مسائل کو حل کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان احمد خان بزدار خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے فوری طور پر ایک کمیٹی تشکیل دے دی. چیئرمین پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن جواد ہمایوں کو یہ ٹاسک دیا گیا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر اپنی سفارشات مرتب کرکے ارسال کریں تاکہ ان پر فوری عملدرآمد کرکے میڈیا انڈسٹری کو موجودہ مسائل سے نکالا جاسکے۔
