کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے صدر اعجاز احمد اور جنرل سیکریٹری عاجز جمالی نے “عالمی یوم مزدور” پر شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستانی محنت کشوں خصوصاً عامل صحافیوں و دیگر میڈیا ورکرز کے حالات کار اور معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی اور ملکی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروائے۔ یکم مئی کے حوالے سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ذرائع ابلاغ کے اداروں باالخصوص پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافی اور دیگر کارکن اس وقت تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں، 2018ء کے بعد سے ہزاروں صحافی اور دیگر کارکن بے روزگار کردیے گئے ہیں، تاہم جو برسر روزگار ہیں، ان کی قلیل تعداد ہی ریگولر ملازم ہے، جو وقتاً فوقتاً ریٹائرمنٹ کے سبب بتدریج کم ہوتے جارہے ہیں، بیشتر ملازمین کنٹریکٹ اور تھرڈ پارٹی کنٹریکٹ پر کام کررہے ہیں، جن کی اکثریت کے پاس تقرر نامے ہیں نہ وقت پر انہیں تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں، وہ قریباً 10 سال پرانی تنخواہوں پر کام کرنے کے لیے مجبور ہیں، جنہیں علاج کی سہولت تک میسر نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذرائع ابلاغ کے اداروں میں کنٹریکٹ اور تھرڈ پارٹی کنٹریکٹ سسٹم ختم کرکے تمام ملازمین کو ریگولر کیا جائے، ان کے حالات کار بہتر بنائے جائیں، مہنگائی کے تناسب سے تنخواہیں مقرر اور وقت پر ادا کی جائیں اور انہیں بے روزگار کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

میڈیا ہاؤسز میں ملازمین کو پکا کیا جائے، کے یوجے۔۔
Facebook Comments