خصوصی رپورٹ۔۔
حکومت، اپوزیشن اور پارلیمانی پارٹی کی جانب سے ناکامی کے بعد الیکشن کمیشن نے محسن رضا نقوی کو پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ مقرر کر دیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ممبران، سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کے دیگر حکام شریک ہوئے، اجلاس ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا، سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے چاروں نامزدگیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔الیکشن کمیشن کے اجلاس میں مشاورت کے بعد نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے صحافی محسن رضا نقوی کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ محسن رضا نقوی کو اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقرر سے قبل چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کے درمیان ملاقات بھی کی گئی تھی، جس میں اہم تقرری سے متعلق گفتگو کی گئی، سکندر سلطان راجہ کو تقرری کے طریقہ کار سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں لاء ونگ کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری سے متعلق آئینی امور پر بھی بریفنگ دی گئی تھی، اس دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ چاروں ناموں کا بغور جائزہ لے کر میرٹ پر نامزدگی کی منظوری دیں گے۔پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کا معاملہ گزشتہ ہفتے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد نامزد امیدواروں پر صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مسلسل تناؤ اور عدم اتفاق کے سبب غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوا ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے بنائی گئی دو طرفہ پارلیمانی کمیٹی بھی مقررہ وقت میں اتفاق رائے پر پہنچنے میں ناکام رہی جس کے بعد الیکشن کمیشن کے اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ کا فیصلہ کیا گیا جس کی حتمی منظوری چیف الیکشن کمشنر نے دی۔
محسن نقوی 1978 کو لاہور میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کریسنٹ ماڈل ہائی سکول سے حاصل کی، گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن کی۔اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکی ریاست میامی کی اوہائیو یونیورسٹی سے صحافت میں ڈگری حاصل کی۔پاکستان لوٹے تو امریکا کے معتبر نشریاتی ادارے سی این این سے منسلک ہوگئے اور ریجنل ہیڈ بنا دیے گئے۔سی این این کی تاریخ میں سب سے کم عمر ریجنل بیورو چیف بننے کا اعزاز پایا، افغان جنگ کے دوران پُرخطر رپورٹنگ میں اپنا لوہا منوایا۔ تیس سال کی عمر میں لوکل میڈیا سٹی نیوز نیٹ ورک کی بنیاد رکھی، جس کے بعد یکے بعد دیگرے 6 نیوز چینلز اور ایک اخباران کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔سیاسی حلقوں میں یکساں مقبول تو ہیں ہی ملک کی سرکردہ سیاسی شخصیات سے بھی ان کے مضبوط تعلقات ہیں۔چوہدری خاندان کے قریبی رشتہ دار اور آصف علی زرداری سے گہرا تعلق ہے، محسن نقوی کی اہلیہ ڈاکٹر ہیں جبکہ ان کے 4 بچے ہیں۔ محسن نقوی کی ایک خاص بات ان کی منکسر المزاج شخصیت اور عادت ہے، کوئی اہم شخصیت ہو یا عام آدمی، آفس میں کام کرنے والا ایک عام ملازم ہو یا افسر ان میں تفریق نہیں۔(خصوصی رپورٹ)
میڈیا ہاؤس کا مالک نگراں وزیراعلیٰ پنجاب مقرر۔۔
Facebook Comments