تحریر: شمعون عرشمان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میڈیا صنعت سے وابستہ افراد کے مسائل کا بخوبی احساس ہے ان کا حل اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی وزیر اعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی وزیراعظم برائے میڈیا امور یوسف بیگ مرزا، صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام بخاری ، سینٹر فیصل جاوید اور وزیر اعظم کے سیکرٹری نے شرکت کی۔معاون خصوصی وزیر اعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کو میڈیا صنعت کے مسائل سے آگاہ کیا جب کہ اجلاس میں پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے واجبات کے معاملات بھی تفصیلی طور پرزیر بحث آئے۔وزیرا عظم نے ہداییت کی کہ واجبات کی ادائیگیوں کے حوالے سے وزارت اطلاعات پی بی اے اور اے پی این ایس کے نمائندگان کے ساتھ فوری مشاورت کرے اورعید سے پہلے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں جب کہ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات اس عمل کی ذاتی طور پر خود نگرانی کریں ۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے کے آئینی اور بنیادی حق پر کامل یقین رکھتے ہیں ،آزاد اور ذمہ دار صحافت کا فروغ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے ناگریز ہے، مجھے میڈیا صنعت سے وابستہ افراد کے مسائل کا بخوبی احساس ہے ، ان کا حل اولین ترجیح ہے۔۔دریں اثنا صدر اے پی این ایس حمید ہارون ، سیکرٹری جنرل سرمد علی نے کہاہے کہ وزیراعظم جانب سے میڈیا کے بقایا جات کی ادائیگی کی ہدایت جاری کرنے پر میڈیا مالکان اورمیڈیا ورکرز ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی این ایس وزیراعظم کی موجودہ میڈیا ٹیم کے کردار کو سراہتی ہے جو ناصرف میڈیا کودرپیش بحران سے آگاہ ہے بلکہ ان مسائل کوحل کرنے کیلئے کوشا ں بھی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اے پی این ایس امید کرتی ہے کہ حکومت کے ذمہ تمام بقایات عید الفطر سے قبل ادا کردیئے جائیں گے اوراس بات کا بھی یقین دلاتی ہے کہ میڈیا مالکان کی جانب سے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کردی جائیگی ۔دوسری طرف میڈیا مالکان کی تنظیم پی بی اے کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے میڈیا کے بقایا جات کی ادائیگی کردی تو سب سے پہلے ملازمین کے بقایا جات ادا کیے جائیں گے۔ٹی وی چینلز مالکان کی نمائندہ تنظیم پی بی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ذمے میڈیا کے 1460 ملین روپے کے بقایا جات ہیں، وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بقایا جات ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی، حکومت نے ادائیگیاں کیں تو سب سے پہلے ملازمین کے بقایا جات ادا کیے جائیں گے۔علاوہ ازیں کراچی یونین آف جرنلسٹس نے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلی سطح کےاجلاس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے واجبات اور ادائیگیوں اور وزیر اعظم کی جانب سے عید سے پہلے ادائیگیوں کو یقینی بنانے کی ہدایات کو خوش آئند قرار دیا ہے، اجلاس میں معاون خصوصی وزیر اعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی وزیراعظم برائے میڈیا آ فیرز یوسف بیگ مرزا، صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام بخاری ، سینٹر فیصل جاوید اور وزیر اعظم کے سیکرٹری نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے واجبات کے معاملات بھی تفصیلی طور پرزیر بحث آئے۔ ایک بیان میں کے یو جے کے صدر اشرف خان ، جنرل سیکریٹری احمد خان ملک اور ارکان مجلس عاملہ نے کہا ہے کہ یہ اقدام خوش آئند ہے کہ وزیراعظم نے واجبات کی ادائیگیوں کے حوالے سے وزارت اطلاعات کو پی بی اے اور اے پی این ایس کے نمائندگان کے ساتھ فوری مشاورت کرنے کی ہدایت کردی ہے، کے یو جے نے وزیراعظم کی جانب سے وزارت اطلاعات کو عید سے پہلے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید سے پہلے ادائیگیاں ہونے سے میڈیا ورکرز کو عید سے تنخواہیں مل سکیں گی اور میڈیا ورکرز عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں گے۔۔(شمعون عرشمان)۔