media apne per par kulhari mar rha hai

میڈیا آزادنہ ہونا پاکستان کیلئے اچھا نہیں

تحریر: حامد میر۔۔

’’بُرا نہ منایئے گا۔ میں آپ کا خیر خواہ ہوں اور آپ کی بہت عزت کرتا ہوں۔ آج آپ کو آپ کے بارے میں ایک سچ بتانا چاہتا ہوں جو آپ کے ساتھ دوستی کے دعویدار آپ کے سامنے نہیں بولیں گے۔ سچ بولنے سے پہلے آپ کی اجازت چاہتا ہوں۔‘‘

مذکورہ بالا الفاظ سن کر میں بےاختیار ہنس پڑا لیکن پھر اپنی ہنسی روک کر اپنے مخاطب کی خدمت میں عرض کیا کہ آپ نے جو بھی سچ بولنا ہے وہ شوق سے بولئے۔مخاطب نے پوچھا پہلے یہ بتائیے کہ آپ ہنسے کیوں تھے ؟میں نے بڑے ادب سے عرض کیا کہ سچ بولنے سے پہلے اجازت لینا ضروری نہیں ہوتا۔ جو سچ اجازت لیکر بولا جائے اس پر مجھ جیسے گستاخ اکثر ہنس دیتے ہیں لہٰذا گستاخی کی معافی چاہتا ہوں ۔ مخاطب نے زبردستی مسکراتے ہوئے کہا کہ اپنی گستاخی کو لگام دیجئے کیونکہ یہ ایک سرکش گھوڑا بن چکی ہے ۔آپ کو کئی دفعہ گرا کر زخمی کر چکی ہے لیکن آپ اس گھوڑے کو بدلنے کیلئے تیار نہیں ۔نقصان صرف آپ کا ہو رہا ہے اس لئے سوچا کہ آج آپ کی خدمت میں وہ سچ بولا جائے جو شائد آپ نے پہلے نہیںسنا۔میں نے اپنے آپ کو فوری طور پر سرکش گھوڑے سے اتارا اور مودبانہ انداز میں کہا کہ جی آپ نے جو کہنا ہے وہ شوق سے کہئے ۔میری آتش شوق کو بھڑکتا دیکھ کر مخاطب نے فرفر روبوٹ کی طرح بولنا شروع کر دیا۔ ان کا لب ولہجہ پولیس تھانے کے محرر کی فرض شناسی کا نمونہ بن چکا تھا جو اوپر سے آنے والے حکم کے مطابق ایف آئی آر درج کرتے ہوئے قانون کو نہیں بلکہ حکم دینے والے کی مرضی کو سامنے رکھتا ہے ۔ میرے فرض شناس مخاطب کا فرمانا تھا کہ آپ تاریخ کے بڑے حوالے دیتے ہیں لیکن آپ ہمیشہ تاریخ کی الٹی سمت میں کھڑے ہو جاتے ہیں یہ تاریخ شناسی نہیں بلکہ خود فریبی کہلاتی ہے ۔یہ الفاظ ادا کرکے مخاطب نے ایک گہرا سانس لیا اور وہ میرے ردعمل کا انتظار کرنے لگے۔میں نے ان سے پوچھا کہ میں نے کہاں یہ دعویٰ کیا کہ میں تاریخ کی درست سمت میں کھڑا ہوں ؟مخاطب نے کہا کہ چند دن پہلے اسلام آباد لٹریچر فیسٹول میں مہر بخاری نے آپ کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ تاریخ کی درست سمت میں کھڑے ہوتے ہیں جس پر ہال میںبہت تالیاں بجیں۔ گفتگو آگے بڑھی تو آپ نے منظور پشتین کی حمایت شروع کر دی۔ پھر آپ نے ماہ رنگ بلوچ کو مظلوم قرار دے دیا اور آگے چل کر آپ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے بارے میں بڑی سخت باتیں کیں جو آج بھی تاریخ کی درست سمت پر کھڑے ہیں۔میرے خلاف ایف آئی آر خاصی طویل تھی میں نے مخاطب سے کہا کہ میں آپ کے ساتھ بحث نہیں کرنا چاہتا ۔جس وقوعے کا آپ ذکر کررہے ہیں وہ ریکارڈڈ ہے اور یو ٹیوب پر موجود ہے۔ اس میں صرف یہ کہا گیا کہ نوجوان بڑی سیاسی جماعتوں سے مایوس ہو کر منظورپشتین اور ماہ رنگ بلوچ کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں اور ریاست نے مین اسٹریم میڈیا پر ان دونوں پر پابندی لگا رکھی ہے ۔ اس میں غلط کیا ہے ؟میرا سوال سن کر مخاطب نے کہا کہ یہ دونوں ریاست کے دشمن ہیں میں نے پوچھا کہ کیا ان دونوں نے ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے ؟ مخاطب نے کہا کہ ہتھیار نہیں اٹھائے لیکن یہ دونوں ریاست کے خلاف نفرت پھیلاتے ہیں۔ آپ ان سے تو ہمدردی رکھتے ہیں لیکن قاضی فائز عیسیٰ سے نفرت کرتے ہیں جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے دیانت دار جج ہے۔ میں نے اپنی ہنسی کو روکا اور مخاطب سے پوچھا کہ یہ بتائیے کہ جب 2019ء میں قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر ہوا تو آپ کا کیا موقف تھا اور میرا کیا موقف تھا ؟ مخاطب نے کہا آپ میرے موقف کو چھوڑیئے لیکن آپ تو قاضی فائز عیسیٰ کے حق میں کھڑے تھے پھر آپ نے ان کی مخالفت کیوں شروع کر دی؟ میں نے بڑے ہی نرم لہجے میں عرض کیا کہ جناب عالی! جب قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ ناانصافی ہو رہی تھی تو میں ان کےساتھ کھڑا تھا جب انہوں نے ناانصافی شروع کی تو میں ان کے خلاف ہوگیا۔ میں نے ان کی حمایت کرکے عمران خان کی حکومت کو ناراض کیا اور ان کی مخالفت کرکے شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو ناراض کیا۔ یہ سن کر میرے مخاطب چمک اٹھے اور فاتحانہ انداز میں کہا کہ آپ نے خود ہی اعتراف کر لیا کہ آپ ہمیشہ تاریخ کی الٹ سمت میں کھڑے ہوتے ہیں۔ آپ سے صرف اتنی سی گزارش ہے کہ اپنے کردار و عمل کا جائزہ لیں اپنے موقف پر نظرثانی کریں اور مجھ جیسے پرستاروں کو مایوس نہ کریں۔میں خاموش ہو چکا تھا مخاطب بھی خاموش تھے ہم خاموشی سے ایک دوسرے کے چہرے پر نظریں جمائے ہوئے تھے۔مخاطب نے ماحول کو خوشگوار بنانے کیلئے اپنے چہرے پر مسکراہٹ نمودار کی اور بلوچستان کی تاریخ پر ایک لیکچر شروع کر دیا ۔میں نے خاموشی سے پورا لیکچر سنا اور انہیں بتایا کہ جو کچھ آپ نے بتایا یہ سب کچھ دن قبل بلوچستان کی تاریخ کے ایک نئے استاد اسلام آباد کے کچھ صحافیوں کو سنا چکے ہیں۔ مخاطب نےپوچھا کون سے استاد ؟ میں نے بتایا وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، مخاطب نے کہا کہ آج پاکستان کو سرفراز بگٹی اور قاضی فائز عیسیٰ جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔ میں نے بتایا کہ 2008ء میں سرفراز بگٹی لاپتہ ہو گئے تھے تو میں نے ان کیلئے آواز بلند کی تھی مخاطب نے کہا اس وقت وہ تاریخ کی الٹی سمت میں چلے گئے تھے اس لئے لاپتہ ہو گئے تھے۔ انہیں ہدایت کی روشنی ملی تو وہ تاریخ کی درست سمت میں چلے آئے۔ وہ بڑے خوش نصیب ہیں۔ میں نے ان سےپوچھا کہ کیا آپ مجھے سرفراز بگٹی بناناچاہتے ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ نہیں نہیں، آپ تو آپ ہی رہیں گے۔ میں نے بے دھڑک دوسرا سوال پوچھا ’’دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ اگر بلوچستان میں فیئر اینڈ فری الیکشن ہو تو کیا سرفراز بگٹی وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں ؟‘‘ مخاطب نے ناگوار لہجے میں کہا کہ یہ سوال مفروضے پر مبنی ہے۔ انہوں نے سوال کا جواب نظر انداز کیا تو میں نے کہا کہ جناب پاکستان کی بنیاد جمہوریت ہے اگر آج کی جمہوریت میں پارلیمنٹ، عدلیہ اور میڈیا آزاد نہیں تو یہ پاکستان کیلئے اچھا نہیں ہے۔ اگر یہ سچ بولنا تاریخ کی الٹی سمت میں کھڑا ہونا ہے تو مجھے اس الٹی سمت پر ہی رہنے دیں۔ کون تاریخ کی درست سمت میں کھڑا ہے ؟یہ فیصلہ کسی ریاستی ادارے یا سرکاری دانشور نے نہیں کرنا ،ریاست کا منظور ِنظر بننا آج آسان ترین کام ہے۔ریاستوں کے منظور نظر اہل فکر ودانش کی سمت کا فیصلہ ریاست نہیں بلکہ تاریخ کرتی ہے۔(بشکریہ جنگ)

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں