جیو نیوز پروگرام ،’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی وتجزیہ کار مظہرعباس نے کہاکہ میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلئے حکومت کی پلاننگ سمجھ نہیں آرہی ہے،میڈیا کو جس بحران کا سامنا ہے اس سے نکلنے کیلئے حکومت نے میڈیا پر ہی ذمہ داری ڈال دی ہے، حکومت پرنٹ میڈیا سے لے کر ڈیجیٹل میڈیا تک ہر چیز کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے۔صحافی و اینکر پرسن فریحہ ادریس نے کہا کہ تنقید کرنا میڈیا کا استحقاق ہے اسے سن کر بہتری لانی چاہئے،بہتری کیلئے تنقید ضروری ہے،میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا بل وزارت اطلاعات کے ذریعہ آرہا ہے تو یہ کیسے خودمختار ہوگی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار،مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ، پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا بھی گفتگو میں شریک تھے ۔
Facebook Comments