media authority qanoon kisi tor par manzoor nahi

میڈیااتھارٹی قانون کسی طور منظور نہیں، عرفان صدیقی۔۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے رکن اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (PMDA) کے قیام کی حکومتی تجویز پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلے سے دباؤ میں آئے ہوئے میڈیا کو مزید خوفزدہ کرنے اور آزادی اظہار رائے کو کچلنے کے مترادف ہے۔ سینئر صحافی اور مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہونے والے، ایوان بالا کے رکن عرفان صدیقی نے اپنے ایک اخباری بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت نے 11؍ اگست کسی اپوزیشن جماعت کو اعتماد میں لئے بغیر پارلیمنٹ ہاؤس سے باہر، پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں، قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں کی قائمہ کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا۔ چند گھنٹے پہلے اس اجلاس کی خبر دی گئی اور بتایا گیا کہ پی۔ ایم۔ ڈی۔ اے پر متعلقہ وزیر بریفنگ دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے اس پر اعتراض کیا اور اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اپوزیشن، میڈیا کی آزادی کے پر کاٹنے کی ہر کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ ایوان کے اندر اور باہر پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی شدید مزاحمت کی جائے گی جو در اصل میڈیا ڈویلپمنٹ نہیں میڈیا ڈسٹرائنگ اتھارٹی ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں الیکٹرانک میڈیا کے لئے ضابطہ اخلاق تیار کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی سربراہی مجھے دی گئی، یہ امر میرے لئے باعث اعزاز ہے کہ موجودہ نافذ العمل ضابطہ اخلاق اسی کمیٹی کا تیار کردہ ہے جس کے لئے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن نے بھی بھرپور تعاون کیا تھا۔ اس کا ایک ایک لفظ اتفاق رائے سے لکھا گیا اور یہ ضابطہ سپریم کورٹ کے احکام پر جاری ہوا۔ اگر اس پر عمل درآمد میں کچھ مشکلات ہیں تو ان کا ازالہ کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح پرنٹ میڈیا کے لئے ’’پریس کونسل‘‘ کو فعال بنایا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا کے لئے بھی ضابطے موجود ہیں۔ ان حالات میں ایک نئی اتھارٹی کا شکنجہ تیار کرنا، نیک نیتی پر مبنی عمل نہیں سمجھا جا سکتا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ اس سلسلے میں پی بی اے، پی ایف یو جے، اے پی این ایس، سی پی این ای اور دیگر تنظیموں کے تحفظات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر اس طرح کی جابرانہ قانون سازی کا راستہ روکنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

How to write on Imranjunior website
How to write on Imranjunior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں