تحریر: محمد سلیم جباری
وادیٔ کشمیر سے ہماری محبت، عقیدت اور حصول آزادی میں معاونت محض ایک خطہ ارضی کا حصول نہیں ہے ۔ہماری سوچ اور انڈیا کے ارادوںمیں زمین وآسمان کا فرق ہے ، انڈیا کی نظر کشمیر کی خوبصورت وادیوں، دریاؤں، آبشاروںاورباغات پر ہے جبکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ کشمیر مسلمانوں کا خطہ ہے جہاں 95فیصد مسلمان آباد ہیںجو فطری اورآئینی اعتبار سے پاکستان کا حصہ ہیں۔ پاکستان کا کشمیر سے تعلق اور اسلام کااٹوٹ رشتہ ہے ۔اس لیے کشمیر اور پاکستان کاہر فرد اس کی آزادی کے لیے تڑپ رہا ہے۔جبکہ انڈیا کا ظلم وستم بھی اسی باعث ہے کہ وہ مسلمان ہیں۔ہندو ذہنیت ہمیشہ سے متعصب رہی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے مسلمانوں کو تسلیم کیا ہے نہ کریں گے۔ وہ کل بھی دشمن تھے ،آج بھی دشمن ہیں اور آیندہ بھی رہیں گے۔ مسئلہ کشمیر کی حقیقت جاننے کے لیے اس تنازعے کے تاریخی پس منظر کو جاننا از حد ضروری ہے ۔
برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کی بنیاد یہی تھی کہ مسلم اکثریت والے علاقے پاکستان اور ہندو اکثریت والے علاقے ہندوستان میں شامل ہو جائیں ۔ اسی بنا پر کانگرس نے تجویز دی تھی کہ بنگال اور پنجاب کی بھی تقسیم کر دی جائے۔ اس پر انجمن اسلام کی طرف سے مولانا شبیر احمد عثمانی نے مخالفت کی مگر قائد اعظم نے انہیں قائل کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے یہ تجویز تسلیم نہ کی تو پاکستان کا حصول ناممکن ہے۔ بہر حال اس تجویز کو تسلیم کر لیا گیا جس سے بعد میں بہت سے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا۔تقسیمِ ہند کی بنیادی دستاویز میں ایک شق یہ بھی تھی کہ وہ 635ریاستیں جو ہندوستان میں شامل نہیں ہیں انہیں یہ حق دیا جائے کہ وہ اپنی مرضی سے عوامی رائے کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کرکے جس سے چاہیں الحاق کرلیں۔ یوں کچھ ریاستیں ہندوستان سے مل گئیں او رکچھ پاکستان سے مگر لارڈ مائونٹ بیٹن نے عیاری سے نام لیتے ہوئے کچھ ریاستوں کو زبردستی ہندوستان میں ضم کر دیا۔ تب ریاست کشمیر میں مسلم آبادی اسی فیصد سے بھی زائد تھی مگر کشمیر کا مہا راجہ ہری سنگھ ہندو تھا۔ اس نے اعلان کیا کہ ہم کسی سے الحاق نہیں چاہتے ، اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھنا چاہتے ہیںمگر عوامی رائے پاکستان سے الحاق چاہتی تھی کہ برطانیہ سے حصولِ آزادی کے بعد ہندو کے زیرِ تسلط کیوں رہیں۔
کشمیری عوام کو قبائلی علاقوں کی حمایت بھی حاصل تھی۔ لہذا ہندو راجہ نے اپنی آزادانہ حیثیت برقرار رکھنے کے لئے ہندوستان سے مدد چاہی جس کے نتیجے میں ہندوستانی افواج نے 1947 میں جموں اور کشمیر کے بہت سارے علاقے پر قبضہ کر لیا۔ ہندو مہاراجہ ہری سنگھ نے 26اکتوبر 1947 کو ہندوستان کے ساتھ معاہدہ کیا جسے الحاق بھارت کا نام دیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں کشمیر کا دو تہائی رقبہ بھارت کے تسلط میں چلا گیا، ایک تہائی پاکستان کے حصے میں آیا اور تھوڑا سا لداخ کا حصہ چائنہ کے قبضے میں دے دیا گیا۔ اس معاہدے کو پاکستان نے تسلیم کیا اور نہ کشمیری عوام نے کیونکہ تقسیم برصغیر کی بنیادی دستاویز میں باقاعدہ درج تھا کہ مسلم اکثریتی علاقے پاکستان کا حصہ ہوں گے، یہاں عوامی رائے اور مسلم اکثریت کے باوجود ان کے حق کو تسلیم نہ کیا گیا۔
جغرافیائی اعتبار سے بھی اگر دیکھا جائے تو دریائوں اور گلیشیرزکا بہائو اسی بات کا متقاضی تھا کہ اس خطہ ارضی کا الحاق پاکستان سے ہی کیا جائے۔ تاریخی اعتبارسے ریاست کشمیر ہمیشہ آزاد ہی رہی ہے سوائے چند ادوار کے ۔پندرہویں سے اٹھارویں صدی تک مغل سلطنت نے اس پر قبضہ کیا تھا۔ اس کے بعد کچھ دیر افغانستان اور پھر سکھوں کا قبضہ رہا۔آخر کار 1846 میں برطانیہ نے سکھوں کو شکست دے کر اس پر قبضہ جما لیا۔ اس کے بعدمہا راجہ گلاب سنگھ نے 75ہزار روپے میں انگریزوں سے ریاست کشمیرکو خرید لیا اور مہاراجہ بادشاہ کی حیثیت سے اس کے سفید و سیاہ کا مالک بن بیٹھا۔1857 میںگلاب سنگھ کی وفات کے بعد اس کا بیٹا رنبیر سنگھ 1885 تک حکم ران رہا۔اس کی وفات کے بعد اس کا بیٹا پرتاب سنگھ 1925 تک جبکہ اس کی وفات کے بعد اس کا بیٹا مہاراجہ ہری سنگھ حکمران بنا جو کہ 1949 تک حکمران رہا۔ مہا راجوں کا دور ِاقتدار ہو یا برطانیہ کا قبضہ اس خطے میں مسلمانوں پر ہمیشہ ظلم و ستم کا بازار گرم ہی رہا۔
اس دوران احتجاج بھی ہوتا رہا اور تحریکیں بھی سر اٹھاتی رہیں۔1930 میں مہاراجہ ہری سنگھ کے خلاف مسلمانوں نے احتجاج کیا تو بے پناہ قتل عام ہوا۔ کشمیر میں پہلی سیاسی پارٹی 1932 میں شیخ عبداللہ نے قائم کی جسے1939 میں نیشنل کانفرنس کا نام دے دیا گیا۔ مہاراجہ ہری سنگھ نے 1934 میں عوام کو کچھ جمہوری حقوق دینے کا اعلان کیا اور ایک قانون ساز اسمبلی بھی قائم کی، گویہ حقوق بہت محدود تھے مگر عوامی دبائو میں کچھ کمی واقع ہوئی لیکن مہاراجہ نے جب ہندوستان سے الحاق کیا تو اس میں شدت آگئی۔ لارڈ مائونٹ بیٹن نے 27اکتوبر 1947 کو مہاراجہ ہری سنگھ کو ایک خط لکھا کہ کشمیر کے الحاق کا فیصلہ استصواب رائے سے ہی کیا جائے گا مگر فی الوقت یہ انڈین یونین کا ہی حصہ رہے گا۔
1947 ہی میں کشمیر کے معاملے پر انڈیا اور پاکستان کی جنگ چھڑ گئی ۔ اس وقت کے ہندوستانی وزیر اعظم معاملہ اقوامِ متحدہ تک لے گئے جس کے نتیجے میں یکم جنوری 1948 کو اقوامِ متحدہ نے مداخلت کرکے فائر بندی کروا دی۔21اپریل 1948 کو سلامتی کونسل میںقرار داد پاس ہوئی جس میں یہ طے ہوا کہ کشمیر کے الحاق کا فیصلہ استصواب رائے سے کیا جائے ۔ اسی بنیادی قرار دادکی رو سے جموں و کشمیر کا علاقہ متنازعہ ہے۔ پاکستان اور کشمیری عوام اسی قرار داد کے مطابق کشمیر میں استصوابِ رائے چاہتے ہیں جبکہ ہندوستان مسلسل اس سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم جواہرلعل نہرو نے بھی اپنے بیان میںاعتراف کیا تھا کہ کشمیری عوام کی خواہشات کا مطابق فیصلہ ہی تنازعہ کا حل ہے۔ اس نے 5نومبر 1951 کو شیخ عبداللہ کے ساتھ آئین میں شق 370کا اضافہ کیا۔ یہ شق تب بھی متنازعہ تھی اور آج بھی متنازعہ ہے۔ اس کے مطابق تین بنیادی شعبے خارجہ، دفاع اور مواصلات براہِ راست ہندوستان کے کنٹرول میں چلے گئے۔ اس میں یہ بھی کہا گیاتھا کہ کشمیری عورت کی غیر کشمیری سے شادی نہیں ہو سکتی ،اگر ایسا ہوا تو نہ صرف وہ حقِ وراثت سے محروم کر دی جائے گی بلکہ آئندہ اسے کشمیر میںجائیداد خریدنے کا حق ہو گا، نہ کاروبار کرنے کا۔ یہ اس مقصد کے لئے تھا کہ کشمیری عناصر میں غیر کشمیری عناصر کی آمیزش نہ ہو اور کشمیر کی پراپرٹی غیر کشمیریوں میں منتقل نہ ہونے پائے۔ اسی طرح دفعہ 370میں یہ بھی تھا کہ کوئی غیر کشمیری یہاں جائیداد نہیں خرید سکے گا۔دفعہ 370کے ساتھ 35Aبھی ہے جسے ختم کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق کوئی غیر کشمیری ووٹر نہیں بن سکتا تھا، یہ حق صرف کشمیری اور ان کی اولادوں کو حاصل تھا ۔
آخرکار1957 میں انڈیا نے جب اپنا نیا دستور بنایا تو کشمیر کو باقاعدہ انڈین یونین میں شامل کر لیا لیکن دفعہ 370کو برقرار رکھا۔1947 کے بعد 1965 میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان لڑی جانے والی جنگ کی بنیادی وجہ بھی مسئلہ کشمیر ہی تھا۔لال بہادر شاستری اور صدر ایوب خان کے درمیان جنگ بندی کے لئے معاہدہ تاشقند ہوا ۔ اس میں یہ شرط رکھی گئی کہ مسئلہ کشمیر سمیت جتنے بھی دیگر مسائل ہیں باہمی بات چیت اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کئے جائیں گے۔
لیکن 1990 تک مسائل کے حل اور بات چیت کے لئے کوئی پیش رفت نہ ہوئی۔ پہلی مرتبہ 1990 میں خارجہ سیکرٹریوں کی بنیاد پر گفتگو کا آغاز ہوا مگر بے نتیجہ رہا۔ کیونکہ ہندوستان کشمیر کو تنازعہ نہیں بلکہ مسئلہ کہتا ہے۔ ان کے نزدیک کشمیر بھارت کا حصہ ہے او رجواہر لعل نہرو کو مورد ِالزام ٹھہراتے ہیں کہ اس نے شیخ عبداللہ سے دوستی کے نتیجے میں دفعہ 370کو دستور کا حصہ بنایا تھا۔1997 میں جب میاں نواز شریف نے دوبارہ حکومت سنبھالی تو 1997 میں دہلی میں خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر مذاکرات کا آغاز ہوا۔ دوسرا دور جو 1997 میں اسلام آباد میں ہوا اس میں صرف اس حد تک پیش رفت ہوئی کہ مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ بھارت نے اس میں بھی کوئی دلچسپی ظاہر نہ کی۔ ستمبر 1997 میں دہلی میں تیسرا اجلاس ہوا لیکن بدقسمتی سے یہ بھی نتیجہ خیز نہ ہو سکا۔
بھارتی رویئے سے کشمیری اتنے بددل ہوئے کہ باقاعدہ سڑکوں پر آنا شروع ہو گئے اور احتجاجی تحریک شروع ہو گئی ۔R.S.S راشٹریہ سیونگ سنک اور B.J.Pبھارتی جنتا پارٹی کی ہر ممکن کوشش ہے کہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا جائے۔ اسی مقصد کے لئے دفعہ 370کو واپس لیا گیا ہیتا کہ وہاں ہندوئوں کو آباد کرکے غیر مسلم آبادی میں اضافہ کیا جائے،پھر کشمیر میں ہندو آبادی کی اکثریت ظاہر کرکے استصوابِ رائے کے ذریعے اسیبھارت کا حصہ بنا لیا جائے۔ کشمیر کے حوالے سے بہت سے بھارتی قوانین نہایت ظالمانہ اور غاصبانہ ہیں، جن میں ایک آرمڈ فورس جموں کشمیرکا قانون ہے جس کیتحت کشمیر کی ریاست میں کشمیر مخالف بات کو دہشت گردی شمار کیا جائے گا۔اس کے بعد ٹاڈا ایکٹ آیا جس کے تحت مسلمانوں کا قتلِ عام کیاگیا۔ اس وقت تقریبا آٹھ لاکھ سے زیادہ مسلح بھارتی فوج کشمیر میں موجود ہے جس میں پیرا ملٹری ، بارڈر سیکورٹی فورس اور پولیس شامل ہے جو دنیا بھر میں کسی بھی خطے میں موجود فوج کے اعتبار سے کہیں زیادہ ہے۔
5اگست 2019 کو دفعہ370اور 35-Aکو ختم کر دیا گیا اور کشمیر کو دو حصوں میںتقسیم کر دیا گیا۔ جموں و کشمیر کو الگ جبکہ بدھ اکثریتی علاقے لداخ کو الگ کر دیا گیا۔ غیر کشمیریوں کو کشمیر میں جائیدادیں خریدنے کی اجازت دے دی گئی، اسی طرح کشمیری عورتوں کو بھی غیرکشمیریوں سے شادی کی اجازت مل گئی۔ اس صورتِ حال کے تناظر میں حالات نہایت سنگینی اختیار کر گئے اور 50سال بعد سلامتی کونسل نے اس مسئلے پر انگڑائی لی اور اجلاس طلب کیا جس میں باقاعدہ طو رپر یہ تسلیم کیا گیا کی کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں بلکہ عالمی تنازعہ ہے جو کہ خوش آئند پیش رفت ہے۔
جہاں تک تعلق سلامتی کونسل کے اجلاس کا ہے تو سوائے اِدھر ادھر کی باتوں کے کوئی مصدقہ بات اب تک سامنے نہیں آئی کیونکہ اس کا کوئی باقاعدہ اعلامیہ جاری ہی نہیں کیا گیا سوائے چائنیز مندوب کے جس نے اپنا موقف پیش کیا ہے کہ دونوں ممالک کو کشمیر میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے اور صورت حال کو بہتر بنانا چاہیے۔ جبکہ پاکستان تو پہلے بھی کوئی مداخلت نہیں کر رہا اور ہندوستان کی یک طرفہ مداخلت ہے، نہ ہی ابھی تک کرفیو ختم ہو سکا۔ سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان اور بھارت دونوں کے مندوب تک موجود نہ تھے اور یہ اجلاس بھی باقاعدہ نہیں بلکہ مشاورتی نوعیت کا تھا۔
جہاں تک مسئلہ کشمیر کے حل کا تعلق ہے تو یہ بات بخوبی سمجھ لینے کی ہے کہ جب تک انڈیا کا بھی نقصان نہیں ہو گا ،اس کے فوجیوں کا خون نہیں بہے گا وہ مذاکرات کی میز پر نہیں آئے گا۔ کیونکہ نقصان تو کشمیریوںکا ہو رہا ہے۔ معاہدہ تاشقند ہو یا شملہ معاہدہ یہ دو طرفہ معاہدے تھے جس کے نتیجے میں ہم یو، این ، او بھی نہیں جا سکتے تھے۔ میری معلومات کے مطابق جب جہادی کارروائیاں عروج پر تھیں تب واجپائی نے یہ بات کہی تھی کہ جموں کا حصہ بھارت سے ملا لیا جائے،آزاد کشمیر اوربلتستان ،پاکستان کے ساتھ چلا جائے اور کشمیر ویلی کو آزادانہ وخود مختار حیثیت دے دی جائے۔ بعد میں جنرل مشرف کے دور سے لے کر عالمی طاقتوں کے ساتھ مل کر ہندوستان نے ہر کارروائی کو دہشت گردی سے جوڑنا شروع کر دیا۔وہاں جب بھی کوئی واقعہ ہوتا تو اسے فورا دہشت گردی قرار دے دیاجاتا اور آخری پلوامہ کا جو حالیہ واقعہ ہوا ہے اس پر تو ہمارے وزیر اعظم نے باقاعدہ اسے دہشت گردی تسلیم کیا ہے۔
یہ پچھلے پندرہ سال کا تسلسل ہے ۔ یوں ہم عملی اعتبار سے اور اپنے موقف کے لحاظ سے پیچھے ہٹتے چلے گئے جبکہ انڈیا مکمل پر اعتمادہے۔ اسی طرح گزشتہ چند سالوں میں کشمیریوں نے حصولِ آزادی کے لئے جو جدوجہد کی ہے وہ بھی اپنی مثال آپ ہے۔ تسلسل کے ساتھ ہڑتالیں اور جلوس اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
جس قدر انڈیا آج پر اعتماد ہے ، پاکستان اسی قدر تنہا ہے۔ انڈیا میں امریکہ اور سعودی عرب سمیت بہت سے ممالک نے سرمایہ کاری کر رکھی ہے، اس لئے وہ ہر حال میں انڈیا ہی کا ساتھ دیں گے۔ اب ہمارے لیے یہی راستہ ہے کہ ہمیں دفاعی انداز کی بجائے جارہانہ انداز اپنانا چاہیے۔ تبھی عالمی قوتیں درمیان میںآئیں گی اور کوئی حل ممکن ہو سکے گا۔وگرنہ کل کلاں بھارت آزاد کشمیر کو متنازعہ قرار دے کر اسے بھی ہڑپ کرنے کی کوشش کرے گا۔
اہل وطن سے درخواست ہے اپنی نمازوں میں کشمیری مظلوم مسلمان بھائی بہنوں کے لیے ضرور دعائیں کریں یا اللہ پاک ہمارے مظلوم کشمیریوں کو دشمن کے ظلم سے نجات عطا فرما، دنیا کے کسی بھی خطے میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وستم پر ان کی غیبی مدد فرما، فلسطین، بوسنیا،برما اور شام کے نہتے اور کمزور اہل اسلام کی دستگیری فرما۔ آمین(محمد سلیم جباری)