معروف کالم نگار، استاد اور شاعر ڈاکٹر اجمل نیازی کو لاہور میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں ادب، صحافت اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ڈاکٹر اجمل نیازی 75 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئے تھے۔مرحوم کی نماز جنازہ وحدت روڈ لاہور کرکٹ گرائونڈ میں ادا کی گئی جس میں مرحوم کےعزیز واقارب ، شعیب بن عزیز، نوید چوہدری، توفیق بٹ، شاہد قادر، خواجہ سلمان رفیق، فرید احمد پراچہ ، سلمان غنی، مجاہد کامران، امجد اسلام امجد، احمد سلمان بلوچ، قیصر شریف، فرحان شوکت،خاور نعیم ہاشمی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اجمل نیازی کی وفات کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا، وہ ایک صحافی، کالم نگار اور ماہر تعلیم تھے لیکن سب سے بڑھ کر وہ ایک انتہائی شریف انسان اور عاجزی و انکساری کی بہترین مثال تھے۔ وزیر برائے وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم حاجی محمد اجمل نے کالم نویس اور دانشور اجمل نیازی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی سمیت کئی سیاسی شخصیات نے ممتاز شاعر ڈاکٹر اجمل نیازی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر اجمل خان نیازی کو حکومتِ پاکستان نے ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔
