کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ نے اپنے 9 دسمبر 2024 کے اجلاس میں معروف صحافی، محقق، مصنف، شاعر اور سابق ڈائریکٹر قائداعظم اکادمی کو ان کی علمی و ادبی شعبے میں گرانقدر خدمات پر کراچی پریس کلب کی تاحیات ممبر شپ دینے کا فیصلہ کیا ہے، خواجہ رضی حیدر قائد اعظمؒ اور تحریک پاکستان پر متعدد کتابوں کے مصنف ہیں۔ ان کی پہلی کتاب قائد اعظم کے صد سالہ جشن ولادت پر منظرعام پر آئی تھی، کتاب کا نام ’’قائد اعظمؒ کے 72 سال‘‘ ہے، ان کی دوسری کتاب ’’قائد اعظم خطوط کے آئینے میں ہے۔ بانئ پاکستان پر بننے والی فلم کااسکرپٹ بھی خواجہ رضی حیدر نے لکھا تھا، انھوں نے قائد اعظم اور تحریک پاکستان پر ٹی وی کے لیے دو سواسکرپٹ لکھے۔ خواجہ رضی حیدر عملی صحافت سے وابستہ تھے لیکن پروفیسر شریف المجاہد کے مشورے پر انھوں نے اس شعبے کو 1980ء میں خیرباد کہہ دیا اور قائد اعظم اکیڈمی سے وابستہ ہو گئے وہ 27 سال تک قائد اعظم اکیڈمی کے ساتھ بطور ریسرچ اسکالر وابستہ رہے۔ وہ 2007ء میں قائد اعظم اکیڈمی کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں وہ سرسید یونیورسٹی میں کنسلٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں خواجہ رضی حیدر ایک صاحب اسلوب شاعر بھی ہیں اور ان کے تین شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں