اداکارہ زیبا بختیار نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ طلاق کے بعد بیٹے کی کفالت حاصل کرنے کے دوران ذہنی اذیت کا شکار رہی۔حال ہی میں ایک یوٹیوب شو کے دوران زیبا بختیار نے انکشاف کیا کہ عدنان سمیع خان سے ان کی دوسری شادی تھی، جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی۔انہوں نے اپنی ناکام شادیوں اور پھر بیٹے کی کسٹڈی کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں آنے سے قبل ان کی پہلی شادی ختم ہوچکی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اداکاری کے شعبے میں آنے کے بعد جلد ہی انہیں احساس ہوگیا تھا کہ انہیں رائٹنگ یا پروڈکشن کرنی ہے اس لئے انہوں نے اپنے تمام اداکاری کے پروجیکٹس کو نمٹانے کا سوچا، اسی دوران عدنان سمیع خان سے شادی ہوگئی۔زیبا بختیار نے بتایا کہ دوسری شادی اور بیٹے اذان سمیع خان کی پیدائش کے بعد انہوں نے اداکاری چھوڑ دی تھی تاہم پروڈکشن سے منسلک رہیں۔انہوں نے بتایا کہ عدنان سمیع خان سے ان کی دوسری شادی بھی جلد ہی طلاق پر ختم ہوگئی، جس کے بعد وہ 18 ماہ تک بیٹے کی کسٹڈی کے لئے قانونی جنگ لڑتی رہیں۔زیبا بختیار کے مطابق بیٹے کی کسٹڈی حاصل کرنے کے دوران وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہوئیں اور ایک وقت ایسا بھی آیا جب وہ اپنے ذہنی توازن پر قابو نہ رکھ سکیں۔ان کے مطابق آج بھی انہیں اُن 18 ماہ کے دوران کا کچھ وقت یاد نہیں، اس دوران صرف کام نے انہیں ہمت دی، کام کے سلسلے میں کچھ عرصہ لندن بھی جانا پڑا تاہم کام میں خود کو مصروف رکھ کر اس ذہنی اذیت سے باہر نکلی اور بلآخر بیٹے کی کسٹڈی حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدنان سمیع خان ان کے بیٹے کے والد ہیں اس لئے ان کی عزت کرتی ہوں، اگر ہم دونوں کی شادی ناکام ہوئی تو اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ میں اپنے بیٹے کے ذہن میں اس کے والد کے لئے نفرت پیدا کروں۔ اس کا کوئی جواز پیدا نہیں ہوتا۔خیال رہے کہ زیبا بختیار نے 90 کی دہائی میں اداکار و گلوکار عدنان سمیع خان سے دوسری شادی کی تھی جو کچھ عرصہ چلنے کے بعد طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔ ان کا ایک بیٹا اذان سمیع خان ہے۔