ماڈل، اداکارہ و ہدایت کار انجلین ملک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ موذی مرض کینسر میں مبتلا ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔انجلین ملک نے حال ہی میں اپنی جیولری کلیکشن متعارف کراتے ہوئے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا۔ڈان امیجز کے مطابق کینسر کی تشخیص کے بعد انجلین ملک کی کیموتھراپی جاری ہے جب کہ انہوں نے علاج کے دوران اپنے سر کے بال منڈوالیے۔اداکارہ نے کینسر کی مریض خواتین سے اظہار ہمدردی کی خاطر اپنے سر کے بال منڈواتے ہوئے اپنی متعارف کردہ جیولری کے لیے فوٹوشوٹ بھی کروایا۔انجلین ملک نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں انہیں اپنے سر کے بالوں کے بغیر اپنی متعارف کردہ جیولری کی تشہیر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔یہ واضح نہیں ہے کہ انجلین ملک میں کب کینسر کی تشخیص ہوئی اور ان میں کون سے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم اداکارہ نے بتایا کہ ان کا علاج جاری ہے اور وہ بیماری کو شکست دینے کے لیے پر امید ہیں۔