ڈرامہ انڈسٹری کے مشہور نام اداکار سہیل اصغر انتقال کر گئے ، سہیل اصغر ایک ہفتے سے کراچی میں زیر علاج تھے ۔سہیل اصغر کی نماز جنازہ آج (اتوار) نماز عصر کے بعد کراچی بحریہ ٹاؤن میں ادا کی جائے گی ۔اہلخانہ کے مطابق سہیل اصغر کی بڑی آنت کا آپریشن ہوا تھا مگر وہ صحتیاب نہ ہو سکے اور آج خالق حقیقی سے جا ملے ۔اداکار سہیل اصغر کی اہلیہ نے بتایا ان کے شوہر گزشتہ ڈیڑھ سال سے علیل تھے، ڈیڑھ سال قبل ان کا بڑی آنت کا آپریشن بھی ہوا لیکن وہ ٹھیک نہیں ہوسکے تھے۔واضح رہے کہ سہیل اصغر کا شمار پاکستان کے کامیاب اور بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔ ان کی پیدائش لاہور میں ہوئی اور وہیں انہوں نے تعلیم مکمل کی، جس کے بعد وہ ریڈیو پاکستان کا حصہ بن گئے۔ انیس سے اٹھہتر سے انیس سے اٹھاسی تک دس سالوں کے لئے سہیل اصغر ریڈیو جوکی کے طور پر کام کرتے رہے جس کے بعد انہوں نے تھیٹر ڈراموں میں اداکاروں شروع کردی۔ وہ اپنے کیریئر میں ’لاگ‘، ’پیاس‘، ’چاند گرہن‘، ’کاجل گھر‘ جیسے ڈراموں میں کام کرچکے ہیں۔سہیل اصغر نے اپنی کیرئیر کا آغاز لاہور ریڈیو سٹیشن سے کیا تھا ، جس کے بعد انہوں نے ٹی پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور اپنے ہنر کا لوہا منوایا ۔ سہیل اصغر نے فلم مراد اور فلم ماہ نور میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔
