marium nawaz hukumat mein koi mafia kisi ka istehsaal nahi kar sakta

مریم نوازحکومت میں کوئی مافیا کسی کا استحصال نہیں کرسکتا، عظمی بخاری۔۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے وفد کی صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری سے ملاقات، میڈیا ہاؤسز کی جانب سے صحافیوں کے مسلسل استحصال پر گفتگو ۔ وفد کی قیادت صدر پی یوجے میاں شاہد ندیم کر رہے تھے۔ انہوں نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری سے کہا کہ پنجاب سرکار کی جانب سے جاری کئے جانے والے اشتہارات کے ثمرات صرف سیٹھ مافیا تک محدود ہیں۔ یہ سیٹھ مافیا ایک جانب تو اربوں کے اشتہارات وصول کر رہا ہے اور دوسری جانب ان کے اداروں میں کام کرنے والے کا رکن بر وقت تنخواہوں سے بھی محروم ہیں۔ یہی نہیں بلکہ مختلف اداروں سے حالیہ چند ماہ میں سینکڑوں صحافیوں کو نوکری سے نکال دیا گیا۔ ان حالات میں سرکاری اشتہارات کا اجرا اور ان کی ادائیگی بغیر کسی چیک اینڈ بیلنس کے خود اس مافیا کی سر پرستی کے مترادف ہے۔ انہوں نے وزیر اطلاعات سے کہا کہ سرکاری اشتہارات کی ادائیگی کارکنوں کی تنخواہوں سے مشروط کی جائے جس پر وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کا رکن دوست ہونے کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ مریم نواز کی حکومت میں کوئی مافیا کسی کا استحصال نہیں کر سکتا ، ہم اپنے صحافی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کے اشتہارات کی ادائیگی کارکنوں کی تنخواہوں سے مشروط ہوگی۔ ایسا کوئی ادارہ جو صحافیوں کا استحصال کرے گا اسے نہ تو سرکاری اشتہارات جاری کئے جائیں گے اور نہ ہی انہیں اشتہارات کا معاوضہ دیا جائے گا۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل نے وزیر اطلاعات کی یقین دہانی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں سرکاری اشتہارات کی ادائیگی کارکنوں کی تنخواہوں اور حقوق سے مشروط کرنے سے حالات میں یقینی طور پر بہتری آئے گی ۔ اس حوالے سے جنرل سیکرٹری پی یو بے قاضی طارق عزیز کا کہنا ہے کہ ہم استحصالی مافیا کو اپنی عیاشی کے کیک کیلئے کارکنوں کے دستر خوان سے روٹی نہیں چھینے دیں گے۔ ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ جیو اور جنگ سمیت تمام ادارے کارکنوں کو بروقت اور ویج بورڈ ایوارڈ کی مطابق تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے دفاتر کا گھیراؤ بھی ہوگا اور تالہ بندی بھی کی جائے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں