مرحوم فہیم مغل کی فیملی کو اکیلا نہیں چھوڑینگے ، ان خیالات کا اظہار ایڈیٹوریل ڈیزائنر ایسوسی ایشن (ای ڈی اے ) کے تحت فہیم مغل کے ایصال ثواب کیلئے تعزیتی اجلاس اور مرحوم کی فیملی کیلئے فنڈریزنگ کے موقع پر عہدیداران نے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر محمد اسلم گجر نے مزید کہا کہ مرحوم فہیم مغل کے انتقال نے ایک بار پھر ای ڈی اے کو ایک ہونے پر مجبور کردیا ہے اگر اب بھی ہم کمپیوٹرز آپریٹرز ایک نہ ہوئے تو آنے والا وقت ہمیں معاف نہیں کریگا۔ اجلاس میں جنرل سیکریٹری سید قیوم کاظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ای ڈی اے کے پلیٹ فارم سے فہیم مغل کی فیملی کیلئے جو ہوسکا وہ کیا جائے گا، سید قیوم کاظمی نے ممبران پر زور دیا کہ وہ آپسی اختلافات کو بھلا کر متحد ہوجائیں اور ای ڈی اے کو کامیاب بنائیں۔ اجلاس میں مرحوم فہیم مغل کی فیملی کیلئے جمع ہونے والا فنڈ سرپرست اعلیٰ محمد سلمان اور کوآرڈینیٹر فیصل علوی نے خود جاکر فہیم مغل کی فیملی کے حوالے کیا۔ اجلاس میں یہ طے پایا کہ اب ای ڈی اے کا اجلاس ہر ماہ منعقد کیا جائیگا اور آپریٹرز کے مسائل پر گفتگو اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اجلاس میں فنانس سیکریٹری محمد یونس، کوآرڈینیٹر کاشف اسلم، کوآرڈینیٹر بخت زیب خان مشوانی، کوآرڈینیٹر محمد الطاف، کوآرڈینیٹر محمد نعمان، کوآرڈنیٹر اصغر بونیری و دیگر ساتھیوں نے شرکت کی۔
