لاہور پریس کلب کے کونسل ممبر و سینئر کرائم رپورٹر حسنین شاہ کو سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں آہو ں سسکیوں کے ساتھ بی بی پاکدامن قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ قبل ازیں مرحوم حسنین شاہ کی نماز جنازہ لاہور پریس کلب کے سامنے ادا کی گئی جس میں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور، حکومتی ، سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات کے علاوہ صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے اسے صحافی برادری کے لئے سانحہ عظیم قراردیتے ہوئے کہاکہ حکومت ا ور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے یہ واقعہ کھلا چیلنج ہے کہ سرعام دن دیہاڑے لاہور پریس کلب کے سامنے دہشت گرد آئے اپنی کارروائی کی اور بغیر کسی رکاوٹ و ہچکچاہٹ کے موقع واردات سے فرار ہوگئے لیکن کوئی بھی کچھ نہ کرسکا، صحافی برادری اس وقت شدید کرب واذیت کا شکارہے اور سوگ میں ڈوبی ہوئی ہے ، ہم مرحوم حسنین شاہ کے لواحقین کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں اوردعاگوہیں کہ رب کائنات مرحوم کوشہادت کا رتبہ عطافرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرجمیل عطافرمائے ۔ انھوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مرحوم حسنین شاہ کے قاتلوں کو فی الفورگرفتارکیاجائے اور ایسی عبرت ناک سزادی جائے کہ آئندہ کسی کو صحافیوں کے خلاف غلط قدم اٹھانے کی ہمت نہ ہو۔
