کامیڈی لیجنڈ عمر شریف کا ہسپتال انتظامیہ نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا ہے تاہم سرکاری سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے کی وجہ سے ان کی میت منگل یا بدھ تک پاکستان پہنچے گی۔خاندانی ذرائع کے مطابق جرمنی میں نیورمبرگ ساؤتھ ہسپتال نے عمر شریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا ہے تاہم نیورمبرگ بلدیہ نے تاحال سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جرمنی میں ہفتے اور اتوار کی سرکاری چھٹی کی وجہ سے بلدیہ کا دفتر بند ہے جو پیر کے روز کھلے گا۔ دفتر کھلنے کے بعد ہی سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ جرمن قانون کے مطابق جب تک سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہو جاتا تب تک میت کو منتقل نہیں کیا جاسکتا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو کلیئرنس ملنے کے بعد عمر شریف کی میت کو پاکستان واپس لایا جائے گا۔ ان کی میت منگل تک پاکستان پہنچے گی جس کے بعد کراچی میں ان کی تدفین ہوگی۔ عمر شریف کی میت واپس لانے کیلئے کمرشل پرواز یا ایئر ایمبولینس کا استعمال کیا جائے گا۔ دریں اثناسندھ حکومت نے عمر شریف کی خواہش کے مطابق ان کی صوفی بزرگ عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں تدفین کا اعلان کردیا۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ ’ مرحوم عمر شریف کی خواہش کے مطابق ان کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ قبرستان میں کرنے کے انتظامات سندھ حکومت کررہی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل عمر شریف کے صاحبزادے نے کہا تھا کہ ان کے والد کی خواہش تھی کہ ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں ہو۔ انہوں نے اس حوالے سے سندھ حکومت سے درخواست کی ہوئی ہے۔
