mahira khan ko heroine humayu saeed ko hero nai maanta

ماہرہ خان کو ہیروئین، ہمایوں سعید کو ہیرو نہیں مانتا، فردوس جمال۔۔

سینیئر اداکار فردوس جمال نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ماہرہ خان ہیروئن جب کہ اداکار ہمایوں سعید ہیرو نہیں۔فردوس جمال نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔اسی پوڈکاسٹ میں انہوں نے ہمایوں سعید اور ماہرہ خان پر ماضی میں کی جانے والی اپنی تنقید پر بھی بات کی اور کہا کہ انہوں نے کسی پر تنقید نہیں کی بلکہ انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دلیل دی کہ پاکستان میں عام طور پر ہیرو اور ہیروئن کو کم عمر سمجھا جاتا ہے، یہ تصور کیا جاتا ہے کہ ہیروئن کی عمر 16 سے 18 سال تک ہوگی، زیادہ سے زیادہ 20 سال کی لڑکی کو ہیروئن سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ ماہرہ خان ’ٹین ایجر‘ ہیں؟ اگر نہیں تو پھر اسے ہیروئن کیسے کہا اور سمجھا جا رہا ہے؟فردوس جمال کا کہنا تھا کہ ہیروئن ایسی ہوتی ہے، جسے دیکھ کر نوجوان لڑکوں کے دل میں ہلچل پیدا ہو جب کہ ماہرہ خان کو دیکھ کر ایسا نہیں ہوتا۔اداکار کے مطابق ماہرہ خان میچوئر خاتون ہیں، ان کی عمر زیادہ ہے، وہ دیکھنے والوں کو کیسے لبھائیں گی؟ البتہ بڑی عمر کے مرد انہیں دیکھتے ہوں گے۔فردوس جمال نے اسی معاملے پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ماہرہ خان اچھی اداکارہ ہوں، ان کے خدوخال بھی اچھے ہیں، ان میں ٹیلنٹ بھی ہوگا لیکن وہ کسی طرح ہیروئن نہیں دکھتیں، وہ انہیں ہیروئن نہیں مانتے۔اسی طرح فردوس جمال نے ہمایوں سعید کو بھی ہیرو ماننے سے انکار کیا اور کہا کہ ہیرو بڑا معصوم ہوتا ہے، جس کے اسکرین پر آنے کے بعد لوگوں کی نظریں ان سے نہیں ہٹتیں لیکن ہمایوں سعید کے وقت ایسا نہیں ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ ہیرو بھی کم عمر ہوتا ہے جو کہ معصوم بھی ہو لیکن ہمایوں سعید ایسے نہیں، اس لیے وہ انہیں ہیرو نہیں سمجھتے۔فردوس جمال نے کہا کہ ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کو اپنی شخصیت اور عمر کے حساب سے کردار ادا کرنے چاہیے، انہیں خود بھی یہ احساس ہو کہ ان پر کس طرح کے کردار اچھے لگتے ہیں۔اسی پر فردوس جمال نے مزید کہا کہ ہدایت کار دونوں کو اس لیے کاسٹ کرتے ہیں، کیوں کہ ہدایت کاروں کو ’اسٹارز‘ چاہیے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’اسٹارز‘ اور ’اداکار‘ میں فرق ہوتا ہے، اسٹارز کو کاسٹ کرنے سے ہدایت کاروں کو محنت نہیں کرنی پڑتی اور منصوبہ کامیاب ہوجاتا ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں