بلاگ: احسن لاکھانی
اس میں کوئی شک نہیں کہ انسان غلطیوں کا پتلا ہوتا ہے ہم سب سے زندگی میں بے شمار غلطیاں اور کوتاہیاں سرزد ہوتی ہیں کچھ غلطیوں پر ہم نادم و شرمندہ ہوتے ہیں تو کچھ غلطیوں پر ہم اپنی جھوٹی انا کا لبادہ اوڑھ کر اُس پر پشیماں ہونے کے بجائے فخر کرتے ہیں۔ اب ہم بغیر کسی تمہید کے عامر لیاقت کی طرف آتے ہیں۔ بات اگر عامر لیاقت کے فن کی ہو تو فن کے قدر دان جانتے ہیں کہ وہ ایک ایسا ہیرا ہے جو انمول بھی ہے اور منفرد بھی۔ لیکن اس انفرادیت نے عامر لیاقت کو فائدہ دینے کے بجائے ہمیشہ نقصان ہی دیا ہے۔ ایسا کیوں ہے؟ میری نظر میں جو اس کے اسباب ہیں اُس میں سے ایک یہ ہے کہ اپنی سوچ و سمجھ کو عقلِ کُل سمجھ لینا اور باقی کو حقیر و کمتر سمجھنا۔
خدا نے یہاں بہت سوں کو بہت سی نعمتوں سے سرفراز کیا تو بیک وقت اُنہی نوازنے والوں کو بہت سی چیزوں سے محروم بھی رکھا ہے۔ جیسے کوئی سیاستدان اچھا ہوتا ہے تو کوئی اچھا آرٹسٹ ہوتا ہے کوئی بولتا اچھا ہے تو کوئی لکھتا اچھا ہے اسی طرح کوئی اداکاری اچھی کرتا ہے تو کوئی بہت ہی اچھا پینٹر ہوتا ہے کسی کو سائنس میں ایکسپرٹیز ہوتی ہیں تو کوئی کاروبار میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ ڈاکٹر صاحب کا مسئلہ ہے کہ وہ بیک وقت خود کو آل راوُنڈر سمجھ کر ہر جگہ اپنی قسمت آزمانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کوشش کرنے میں کوئی بُری بات نہیں مسئلہ یہ ہے کہ اگر کوشش میں ناکامی ہوئی تو اس ناکامی کے اعتراف کے بجائے کیچڑ مخالفین پر اچھالنا ان کا شیوہ ہے۔
یہ صرف سیاست ہی نہیں بلکہ اپنے دوسرے معاملات میں بھی مذہب اور مذہبی لوگوں کا استعمال کرتے رہے ہیں۔ مجھے شکوہ ان سے نہیں کیونکہ وہ اسی طرح کا شخص ہے آپ چاہے اس سے لاکھ اختلاف کریں لاکھ اس کی باتوں کو رد کریں،کرنا اس نے وہی ہے جو وہ کرتا ہے۔ آپ سب اگر اسے شکست دینا چاہتے ہیں تو اس کا سیدھا سا راستہ یہ ہے کہ اس کی سیاست ، اسی کی میڈیا ریٹینگ سب کو دفن کردیں۔ مجھے معلوم ہے آپ اس کو ایک مداری کے طور پر دیکھ کر مزہ لیتے ہیں لیکن یہ اسی مزہ کے سبب ہمیشہ سرخیوں میں رہتا ہے۔ یاد رکھیں اس کے خلاف آپ جتنے مظاہرے جتنے احتجاج جتنی سوشل میڈیا پر پوسٹنگس کرینگے وہ اتنا ہی خوش ہوتا رہے گا تنازعے میں گڑے رہنا اسے پسند ہے۔ آپ اسے شکست دینا چاہتے ہیں تو اس کے قصے کو دفن کر کے اُس پر فاتحہ پڑھ لیں۔ گمنامی ایسے لوگوں کے لئے زہرِ ہلاہل ثابت ہوتا ہے۔(احسن لاکھانی)۔۔
(بلاگر کی تحریر سےہماری ویب کا متفق ہوناضروری نہیں۔۔ علی عمران جونیئر )