پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی)نے لائیو میچ دکھانے والے نجی ٹی وی چینلز کا آڈٹ کرنے کا حکم دے دیا۔ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق پی اے سی کا اجلاس رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا، جس میں رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے اسلام آباد کلب اور مذکورہ نجی ٹی وی چینلز کی آڈٹ رپورٹس طلب کرنے مطالبہ کیا۔اجلاس میں پی اے سی نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) سمیت متعدد کمپنیوں کے آڈٹ کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔ رپورٹ کے مطابق پی اے سی کی طرف سے حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں ان وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں کا ذکر کیا گیا ہے جن کے آڈٹ نہیں ہوتے۔اس خط کے نتیجے میں وزیراعظم نے پی اے سی کی اس تجویز کا نوٹس لیتے ہوئے تمام وزارتوں اور اداروں کا مکمل آڈٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ اجلاس میں نورعالم خان نے چیئرمین نیپرا کی سرزنش کی اور کہا کہ کارکردگی اور ریگولیٹری آڈٹ آئین پاکستان کے تحت ناگزیر ہیں اور پی اے سی کی واضح ہدایات تھیں کہ اتھارٹی آڈٹ کرائے۔ کمیٹی نے نیپرا کا پرفارمنس آڈٹ کرنے کا بھی حکم دیا اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو اس سلسلے میں معاونت کرنے کی ہدایت کی۔
لائیو میچ دکھانے والے چینلز کے آڈٹ کا حکم۔۔۔
Facebook Comments