لیجنڈ کامیڈین عمر شریف نے بالآخر اپنی تین شادیوں کے تجربے کے متعلق اپنے مداحوں کو بتا دیا۔ ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق عمر شریف طبی مسائل کی وجہ سے طویل عرصے سے سکرین سے غائب تھے تاہم گزشتہ دنوں وہ ندا یاسر کے ٹی وی شو میں شریک ہوئے اور اپنی نجی زندگی کے متعلق بھی تفصیلات بیان کر دیں۔اپنی تین شادیوں کے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ”میری پہلی بیوی دیبا میری والدہ کا انتخاب تھا۔ دیبا ہمارے ہمسائے میں رہتی تھی اور میری ماں دیبا کی سادگی کی وجہ سے اسے بہت پسند کرتی تھی چنانچہ اس نے دیبا کو بہو بنا لیا۔رپورٹ کے مطابق عمر شریف اور دیبا کے ہاں تین بچے ہوں جن میں دو بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔ پہلی شادی کے چند سال بعد عمر شریف دوبارہ محبت میں گرفتار ہوئے اور اب کی بار خاتون ان کی ساتھی اداکارہ شکیلہ قریشی تھیں۔ ان دونوں نے شادی کر لی تاہم دونوں میں اختلافات کی وجہ سے ان کی شادی صرف تین سال ہی چل سکی اور طلاق ہو گئی۔اس کے بعد عمر شریف نے تھیٹر کی اداکارہ زریں کے ساتھ تیسری شادی کر لی۔ زریں نے شادی کے بعد اداکاری چھوڑ دی اور عمر شریف کے ساتھ بہترین ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں۔ عمر شریف نے بتایا کہ میری تیسری بیوی بہترین باورچی ہیں اور کھانا بہت مزیدار بناتی ہیں۔
