اداکارہ صبا بخاری نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں اگر کسی کو مشکل سے کام مل بھی جائے تو بعض سینئر آرٹسٹس مشکلات اور مسائل پیدا کرتے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق صبا بخاری نے بتایا کہ ایک پراجیکٹ کے دورا ن ایک سینئر اداکارہ نے ان کے ساتھ غیر مہذب انداز میں گفتگو کی ۔انہوں نے بتایاکہ میں نے ایک بار کسی سے پوچھا کہ آرٹسٹ لوگوں کے دل تو بہت حساس ہوتے ہیں لیکن انھوں نے کہا کہ سب ایسے نہیں ہوتے کچھ کے دل پتھر بھی ہوتے ہیں اور جلد ہی مجھے اس بات کا اندازہ بھی ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق اداکارہ کو یہاں تک کہا گیا کہ تم اچھی لڑکی ہو اور اس انڈسٹری میں اچھی لڑکیاں نہیں چلتیں ۔ دیگر اداکار لڑکیوں کی ہتک کرتے ہوئے بعض ڈائریکٹرز کا کہنا تھا کہ دیگر لڑکیاں کام کیلئے غیر اخلاقی کام کرنے کو تیار ہیں تو تمھیں کام اور پیسے کیوں دیں ۔صبا بخاری کہتی ہیں کہ ان جملوں نے انہیں نہ صرف اندر سے توڑ کر رکھ دیابلکہ خواب بھی چکنا چور کر دیئے۔ تاہم انہوں نے تمام تر غیر اخلاقی سرگرمیوں سے اپنا دامن بچاتے ہوئے کوشش جاری رکھی اور آج کل وہ ایک ڈرامہ سیریل میں کردار نبھاتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔
