پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدرزاہدرفیق بھٹی ، جنرل سیکرٹری خاوربیگ واراکین مجلس عاملہ نے این اے 126 کے آزاد امیدوار کی ریلی میں لاہور رنگ کے کرائم رپورٹر علی مرزا کے ساتھ پولیس گردی کی شدید مذمت کی ہے۔ این اے 126 میں آزاد امیدوار کی ریلی کے دوران ایس ایچ او نواب ٹاﺅن اسد عباس اور ایس ایچ او جوہر ٹاﺅن ذکا نے لاہور رنگ کے کرائم رپورٹر علی مرزا کو کوریج سے روک دیا ، کیمرہ چھیننے کی کوشش اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں، وہ معاشرے میں وقوع پزیر ہونے والے واقعات کو پیش کرتے ہیں جس سے معاشرے میں سدھار آتاہے لیکن انھیں اس طرح زبردستی ان کے فرائض منصبی سے روکناانتہائی قابل مذمت عمل ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پولیس ملازمین کا یہ رویہ آئی جی پنجاب اور ڈی آئی جی آپریشنزکی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں ملوث پولیس ملازمین کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔