پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے زیراہتمام پیکا آرڈیننس اور آزادی رائے کے حق میں چوتھے روز احتجاجی کیمپ جاری رہا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، وکلا، سول سوسائٹی اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور حکومت کے جاری کردہ آزادی رائے کے خلاف پیکا آرڈیننس کے اجراءپر غم و غصہ کا اظہار کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آرڈیننس کے خاتمے تک صحافی برادری اس کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گی۔احتجاجی کیمپ میں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، نائب امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد، چوہدری محمود الاحد، مسلم لیگ (ن) کے سابق صوبائی وزیر و رکن اسمبلی طاہر خلیل سندھو، ایم ایس ایف پاکستان کے صدر رانا محمد ارشد، یوتھ ونگ لاہور کے صدر فیصل سیف اللہ کھوکھر، رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ تیمور، پیپلزپارٹی لاہور کے صدر رانا محمد منج، فنانس سیکرٹری رانا جواد، مسلم لیگ لائرز پنجاب کے صدر رانا ظفر اقبال ایڈووکیٹ، مسلم لیگ (ن) کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان، مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے وحید گل، نوجون اسٹوڈنٹ لیڈر عزیر تیمور، سابق صدر پریس کلب ارشد انصاری، صدر پی یو جے ابراہیم لکی سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور پیکا آرڈیننس کو یکسر مسترد کیا۔احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ ان کی جماعت آزادی اظہار رائے کا بھرپور تحفظ کرے گی ،پیکا آرڈیننس جیسے کسی ایسے قانون کو تسلیم نہیں کرتے، جماعت اسلامی پاکستان آزادی رائے کے لئے میڈیا کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک مسائل سے دوچار ہے، ایسے میں صحافت ایسا شعبہ ہے جو حکمرانوں کو آئینہ دکھاتا ہے۔سابق صوبائی وزیر طاہر خلیل سندھو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے چند دن باقی رہ گئے دو چار دن کی بات ہے ایسے قانون کی کوئی وقعت نہیں جس کو قوم مسترد کر دے۔ مسلم لیگ (ن) ایسے قوانین کے خلاف میڈیا کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے اس دورِ حکومت میں سچ بولنا جرم بن چکا ہے۔خاتون رکن اسمبلی سعدیہ تیمور نے کہا کہ بطور رکن اسمبلی میڈیا کی آزادی کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں، پیکا آرڈیننس میڈیا کی آواز دبانے کے لئے جاری کیا گیا، اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ وہ پی یو جے کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ موجودہ حکومت میں جس طرح تمام شعبہ ہائے زندگی سے جینے کا حق چھین لیا ہے اس طرح میڈیا سے آزادی رائے کا حق چھیننے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے صدر فیصل سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ پیکا آرڈیننس کے ذریعے سچ کی آواز کو دبانے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں۔پیپلز پارٹی خواتین ونگ لاہور کی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت ایسے کسی کالے قانون کو تسلیم نہیں کرتی جس سے آزادی اظہار رائے کا حق چھین لیا جائے، سابق ایڈوائزر وزیراعلیٰ رانا محمد ارشد نے کہا کہ حکومت اپنی کرپشن اور نااہلی چھپانے کے لئے میڈیا کا گلہ دبانا چاہتی ہے، ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔رانا ظفر اقبال ایڈووکیٹ نے بھی پیکا آرڈیننس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ آرڈیننس عنقریب اپنی موت آپ مر جائے گا۔احتجاجی کیمپ سے سابق صدر پریس کلب ارشد انصاری، پی یو جے کے صدر ابراہیم لکی، پریس کلب کے سابق سیکرٹری زاہد عابد، سابق جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر، سابق صدر پی یو جے احسن ضیاءنے بھی خطاب کیا، ارشد انصاری اور ابراہیم لکی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم باز آ جائیں، ان کے یہ حربے نہیں چلنے دیں گے جس ڈگر پر وہ چل رہے ہیں آج آپ اس کا نتیجہ بھگت رہے ہیں۔ ایسے آرڈیننس ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتےاحتجاجی کیمپ میں سابق صدر پی یو جے قمر الزمان بھٹی، فرزانہ چوہدری، رضوان شمسی، شہزاد ملک، رانا ذوالفقار، نائب صدر پی یو جے عامر ملک، جاوید ہاشمی، عدنان بٹ، غلام مرتضیٰ باجوہ، عبدالقیوم، یامین صدیقی، عمر اسلم، جماعت اسلامی کے فرحان شوکت نے بھی شرکت کی۔
