لاہورپریس کلب اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے ) کے تعاون سے شعبہ صحافت اور صحافتی تنظیموں میں خواتین کی اہمیت کے حوالے سے دوروزہ صنفی مساوات ،مسائل کی ترجیحات کا تعین کے موضوع پر تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ آئی ایف جے کے چارٹ کے مطابق صنفی مساوات کی ٹریننگ ورکشاپ میں شرکت کرنے والی خواتین ومردصحافیوں کو دورجدید میں شعبہ صحافت اور صحافتی تنظیموںمیں خواتین کے کردار ، خواتین کودوران ڈیوٹی معاشرے میں درپیش مسائل ، اداروں کی جانب سے خواتین کی تنخواہوں کاتعین ، میڈیامیں خواتین کی تصویر کشی ، آئی ایف جے وومن نیٹ ورک اور خواتین کو تربیت تک رسائی کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی۔ صنفی مساوات کی ٹریننگ ورکشاپ میں مختلف الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والی خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ورکشاپ میں دی جانے والی ٹریننگ کو مستقبل کے لئے خوب فائدہ مند قراردیا۔ اس موقع پر مرد صحافی حضرات نے بھی صنفی ٹریننگ ورکشاپ میں شرکت کی اور لاہور پریس کلب کی جانب سے آئی ایف جے کے تعاون سے منعقد کی جانے والی صنفی مساوات کی ٹریننگ کو وقت کی اہم ضرورت قراردیتے ہوئے خوب سراہا۔ اس موقع پر صدر اعظم چوہدری اور سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے کہاکہ منتخب گورننگ باڈی ممبران کو زندگی کے ہرشعبہ میں سہولت پہنچانے کے جذبے سے سرشار ہے اور پیشہ وارانہ مہارت میں معاونت فراہم کرنے اور آگے بڑھنے کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لئے میڈیاٹریننگ ورکشاپس کا اہتمام کرتی ہے۔ انھوں نے مستقبل میں ایسی مزید ٹریننگ ورکشاپس کے انعقاد کا بھی عزم کیا۔ ٹریننگ ورکشاپ میں شرکت کرنے والوں کو آئی ایف جے اور لاہور پریس کلب کی جانب سے ٹریننگ سرٹیفکیٹس سے بھی نوازاگیا۔
![chaar hurf | Imran Junior](https://imranjunior.com/wp-content/uploads/2020/03/how-to-write.jpg)