لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے معزز ممبران اور ان کے اہلخانہ کے لئے الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ میڈیکل کیمپ میں ماہر امراض نسواں، جنرل فزیشنز اور میڈیکل سپیشلسٹ، ای این ٹی سپیشلسٹ نے مریضوں کا چیک اپ کیا اور انھیں ادویات مہیا کی گئیں ۔ میڈیکل کیمپ میں شوگر ٹیسٹ، الٹرا ساؤنڈ ، دمہ کے ٹیسٹ اور دیگر ٹیسٹوں کی سہولت بھی موجود تھی۔ میڈیکل کیمپ میں ممبران اور ان کے اہلخانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ لاہور پریس کلب کے نائب صدر امجد عثمانی نے الفلاح فاؤنڈیشن کے منتظمین کا میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کااظہار کیا کہ گورننگ باڈی آئندہ بھی صحافیوں کی بھر پور خدمت جاری رکھے گی۔ الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی راہ نما صاحبزادہ عبدالرقیب اعوان نے کہا کہ الفلاح فاونڈیشن ملک بھر میں علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پوری طرح کوشاں ہے اور شمالی علاقہ جات آزاد کشمیر, پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں فری میڈیکل کیمپ تسلسل سے لگائے جارہے ہیں جس کا مقصد مہنگائی کے اس ہوشر با دور میں عوام کی خدمت ہے۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور سیکرٹری زاہد عابد نے میڈیکل کیمپ کا معائنہ کیا اور اپنے تاثرات میں کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں علاج معالجہ بہت مشکل ہو گیا ہے ایسے میں قابل ڈاکٹروں کی ٹیم کا معائنہ کرنا تشخیص کی سہولت مہیا کرنا اور معیاری ادویات مہیا کرنے پر الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے سربراہ امیر عبدالقدیر اعوان اور صاحبزادہ عبدالرقیب اعوان کے مشکور ہیں۔ انھوں نے شاندار میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر نائب صدر امجد عثمانی کی کاوش کو سراہا۔