lahore press club ke zere ahtemaam kutb maila

لاہور پریس کلب کے زیراہتمام  کتب میلہ

جمعہ کے روز لاہور پریس کلب کے زیراہتمام منعقد ہونے والے تین روزہ کتاب میلے کا افتتاح چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیراورصدر پریس کلب اعظم چوہدری نے کیا،اس موقع پر سیکرٹری عبدالمجید ساجد، فنانس سیکرٹری حافظ فیض احمد، ممبر گورننگ باڈی محمد نواز سنگرا، رضا محمد، محمد کلیم، نفیس احمد قادری، سابق فنانس سیکرٹری شیراز حسنات ،لائف ممبر اقبال بخاری،عمر شریف، سینئر صحافی ڈاکٹر شجاعت حامد، عاصم نثار،کرم دا د بلوچ، میاں عارف کے ہمراہ ڈائریکٹر پی ایچ ای سی ڈاکٹر تنویرقاسم بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر شاہد منیرنے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتاب میلہ کا انعقاد احسن اقدام ہے۔کتب بینی سے معلومات اور ذخیرہ الفاظ میں اضافہ ہوتا ہے، ذہن اس تمام معلومات کی پروسیسنگ کے بعد جو مواد تخلیق کرتا ہے اسے علم کہا جاتا ہے، لہذا جس قدر کتابوں کا مطالعہ کیا جائے گا اس قدر علم زیادہ اور پختہ ہو گا۔ اس طرح کتابیں انسان کے علم میں اضافے کا باعث بنتی ہیں، ڈاکٹر شاہدمنیر نے لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری ، جنرل سیکرٹری عبدالمجید ساجد اور کلب کی لٹریری کمیٹی کے اراکین کو کتاب میلہ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسے کتاب میلے منعقدہ ہوتے رہنے چاہئیں تاکہ کتاب کلچر کو فروغ مل سکے۔ یہ میلہ 17 تا 19 نومبر تین دن جاری رہے گا۔صدر کلب اعظم چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پریس کلب ادبی سرگرمیوں کے فروغ کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ لاہور پریس کلب حقیقی معنوں میں ایک علمی مرکز بن سکے، انہوں نے کہا کہ ایک صحافی کیلئے ہر طرح کا علم ضروری ہے جو کہ کتاب کے مطالعہ بغیر حاصل نہیں ہو سکتا۔ سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے کہا کہ پریس کلب میں ادبی سرگرمیوں کا فروغ ہمارے منشور کا حصہ ہے، موجودہ گورننگ باڈی پریس کلب کو صحافیوں کی ادبی سرگرمیوں کا مرکز بنا نے میں کامیاب ہوئی ہے اور ایسی ادبی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔پریس کلب نے صحافیوں اور انکے بچوں میں کتاب پڑھنے کا رجحان پیدا کرنے کیلئے یہ اقدام اٹھایا ہے، انہوں نے کہا کہ یہاں 50 فیصد تک رعایتی نرخوں پر کتابیں دستیاب ہیں۔ ڈاکٹر تنویرقاسم نے کہا کہ آج انٹرنیٹ کے دور میں بھرپور کتب میلہ کا انعقاد خوش آئند ہے کتاب میلہ سجانا پریس کلب کی علم دوستی کا ثبوت ہے۔کتاب میلے میں ہر موضوع (مذہب ، تاریخ، فلسفہ، سائنس، سیاست، نفسیات، شاعری، ادبیوں، دانشوروں، صحافیوں،اساتذہ، طالب علموں اور ہر مکتب فکر کے علم دوست، کتاب دوست خواتین و حضرات کو میلے میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں