لاہورپریس کلب کے پروگرام” میٹ دی پریس ” میں محمود بھٹی کی جانب سے پریس کلب ممبران کے طبی علاج کے لئے نیشنل ہسپتال ڈیفنس لاہور سمیت تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 20 فیصد مالی معاونت کا اعلان کیا گیا۔ پریس کلب سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ممبران لاہور کے کسی بھی ہسپتال میں اپنا علاج کروائیں گے تو لاہور پریس کلب کی سفارش پر محمود بھٹی طبی اخراجات کا 20 فیصد اپنی جیب سے ادا کریں گے۔محمود بھٹی کی لاہور پریس کلب آمد پرپریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار فنانس سیکرٹری سالک نواز، ممبران گورننگ باڈی عمران شیخ، رانا شہزاد، اعجاز مرزا، محسن بلال، عابد حسین اور سید بدر سعید نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمود بھٹی نے کہا کہ صحافی برادری میرے دل کے قریب ہے۔ لاہور شہر میں ہی آنکھ کھولی ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ جب گھر میں کوئی فرد بیمار ہوتا ہے تو علاج کس قدر مہنگا ہے۔ میں اپنی صحافی برادری کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ لاہور پریس کلب کے ممبران کے لئے جو کر سکا وہ کروں گا،انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو بہت مسائل ہیں۔ پاکستان میں ان کی جائیدادوں پر قبضہ ہوجاتا ہے اور انصاف کے حصول کے لئے عدالتوں کے دھکے کھانے پڑتے ہیں۔ سفارش اور اوپر سے فون نے پاکستان کو تباہ کردیا ہے۔پاکستان میں عدالتی نظام بہتر ہونا چاہیے۔ میری زمین پر بھی قبضہ ہوچکا ہے اور میں پیرس سے لاکھوں روپے کی ٹکٹ لے کر انصاف لینے پاکستان آتا ہوں۔ مجھے انصاف نہیں مل رہا۔میں نے لاہور شہر میں ایک اسپتال بنایا اس میں بھی مسائل پیدا ہوگئے ہیں،کیا کروں ،کس سے انصاف لوں۔ اوورسیز پاکستانی ہوں، پاکستان میں سرمایہ لاتا ہوں۔ یہ ملک میرا ہے اس نے مجھے ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز دیا ہے اور مجھے یہیں پر دفن بھی ہونا ہے۔ ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ کفن پر جیب نہیں ہوتی۔ انسان خالی ہاتھ آیا ہے اور وہ خالی ہاتھ ہی دنیا سے جاتا ہے۔ اس موقع پرصدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ جو محنت کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی مدد کرتا ہے،محمود بھٹی صاحب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے صحافیوں کے علاج کے لئے مالی معاونت کرنے کا اعلان کیا، محمود بھٹی نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے،انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز سے نوازا گیا، انہیں دنیا بھر سے مزید آٹھ ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔ارشد انصاری نے کہا کہ محمود بھٹی کو سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو پاکستان لائیں اور انہوں نے پاکستان میں فیشن کو متعارف کروایا۔محمود بھٹی نے پاکستان میں فیشن یونیورسٹی بنائی ہے اور فیشن کے حوالے سے ایونٹس بھی کرائے، اس کے ساتھ ساتھ ناردرن ایریاز میں بچیوں کی شادیاں بھی کرائی ہیں،پاکستان سمیت دنیا بھر کی یونیورسٹیوں میں لیکچرز بھی دیتے ہیں۔ان کی زندگی پر چار کتابیں لکھی گئی ہیں۔صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے محمود بھٹی کو لاہور پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ دینے کااعلان بھی کیا۔ تقریب کے اختتام پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے محمود بھٹی کو لاہور پریس کلب کی اعزازی ممبرشپ کا سوینیئر اور کارڈ پیش کیا۔