لاہورپریس کلب کا جنرل کونسل اجلاس، اہم فیصلوں کا اعلان۔۔

لاہور پریس کلب کی جنرل کونسل کا اجلاس صدر لاہور پریس کلب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی مدثر حسین، سید بدر سعید، سرمد فرخ خواجہ ، رانا شہزاد احمد، شاہدہ بٹ، محبوب احمد چوہدری، شاکر محمود اعوان ، اسد محموداور الفت حسین مغل نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر سیکرٹری زاہد عابد نے اجلاس کا ایجنڈا جنرل کونسل کے سامنے پیش کیا جس میں آئین میں ترامیم کیلئے بنائی گئی کمیٹی کی تجاویز پر بحث ترجیحی ایجنڈے میں شامل تھی۔ آئینی ترامیمی کمیٹی کام کر رہی تھی ، کمیٹی کے سربراہ سابق سیکرٹری جناب شفیق اعوان ہیں جبکہ دیگر ممبران میں جناب مبشر بخاری، جناب ارسلان رفیق بھٹی، جناب شاداب ریاض، جناب راجہ ریاض، جناب عابد تہامی، جناب خواجہ نصیر، جناب بابر ڈوگر، جناب انوار ہاشمی اور جناب شکیل سعیدشامل ہیں۔ کمیٹی کی تشکیل میں اس امر کو یقینی بنایا گیا تھا کہ کلب کے متحرک سیاسی دھڑوں کی نمائندگی موجود ہو۔ اجلاس میں تمام مجوزہ آئینی ترامیم کو جنرل کونسل میں تفصیلی پڑھ کرپیش کیا گیا جنرل کونسل اجلاس میں ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور تمام ترامیم کی متفقہ منظوری دے دی گئی،

1 )گورننگ باڈی میں خواتین کیلئے ایک نائب صدر کی نشست مخصوص کرنا شامل ہے جس کے تحت اس نائب صدر کی اضافی نشست پر صرف خواتین امیدوارہوں گی جبکہ ووٹ تمام اہل ممبران ڈال سکیں گے۔

2 )لاہور پریس کلب کے اقلیتی ممبران کیلئے گورننگ باڈی میں ایک نشست مختص کرنے کی منظوری دے دی گئی جس سے گورننگ باڈی کی اس نشست پر صرف اقلیتی ممبران الیکشن لڑ سکیں گے۔ ان دو اضافی نشستوں کے بعد گورننگ باڈی کے مجموعی ممبران کی تعداد پندرہ سے بڑھ کر سترہ ہو جائے گی۔

3 )سیکرٹری کے عہدے کو جنرل سیکرٹری اور خزانچی یا ٹریڑر کو فنانس سیکرٹری کا نام دیا جائے گا۔

4 ) موسمی شدت کے باعث کلب کے سالانہ انتخابات 31 دسمبر کی بجائے 31 جنوری تک کرانے کی منظوری دے دی گئی۔

5 ) صدر پریس کلب کی غیر موجودگی میں سینئر نائب صدر قائم مقام صدر ہوں گے۔

6 ) فنانس سیکرٹری کی غیر موجودگی میں گورننگ باڈی نائب صدور میں سے کسی ایک کو فنانس سیکرٹری کے اختیارات دے سکے گی۔

7 )جنرل سیکرٹری کی غیر موجودگی میں جوائنٹ سیکرٹری ذمہ داری انجام دیں گے۔

8 )جنرل کونسل نے متفقہ طور پر سالانہ فیس ایک ہزار سے بڑھا کر پندرہ سو روپے کرنے کی منظوری دیدی۔

9 ) ایسے کونسل ممبران جو سرکاری ملازمت بھی کر رہے ہیں یا اداروں کے شعبہ تعلقات عامہ سے وابستہ ہیں انکی کونسل ممبرشپ کو ایسوسی ایٹ ممبر شپ میں تبدیل کر نے کی بھی منظوری دی گئی۔

10 ) جنرل کونسل نے اس شق کی بھی منظوری دے دی کہ مسلسل تین سال ووٹ نہ ڈالنے والے ممبر کی رکنیت معطل کردی جائے اور تین ماہ میں اپنے اس عمل کی مناسب وضاحت نہ دینے پر ممبرشپ منسوخ کردی جائے۔

11) جنرل کونسل اجلاس میں ممبران کی جانب سے چند نئی تجاویز بھی دیں جن پر مزید سوچ بچار کے لئے ان تجاویز کو آئینی کمیٹی کو بھیجنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں آئینی ترامیم کے علاوہ کلب اور کالونی معاملات پر بھی بات کی گئی۔ اجلاس میں صدر ارشد انصاری نے بتایا کہ فیز ٹو کالونی کیلئے زمین کے فنڈز جلد ہی روڈا کو ٹرانسفر ہو جائیں گے جس کے بعد ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ ستمبر میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گی۔اجلاس میں صدر ارشد انصاری نے بتایا کہ ایف بلاک کےلئے جرنلسٹس ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن کی طر ف سے ایک سرکلر کلب کو بھیجا گیا ہے جس میں اس امر کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ ایف بلاک الاٹیز فوری طور پر اپنے واجبات فاﺅنڈیشن کو جمع کرائیں۔ صدر ارشد انصاری نے اس ضرورت پر زور دیا کہ ایف بلاک الاٹیز اپنے واجبات جمع کرائیں تاکہ ایف بلاک معاملات میں تاخیر نہ ہو۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں