نگران وزیراعلی پنجاب کی جانب سے صحافیوں کے لئے متنازعہ پلاٹ سکیم کے خلاف لاہورپریس کلب میں صحافتی تنظیموں نے احتجاجی کیمپ لگایا۔ کیمپ میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اور پرامن احتجاج کا سلسلہ مطالبات تسلیم ہونے تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے احتجاجی کیمپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحافتی نمائندوں کے مشاورتی اجلاس میں طے پانے والے طریقہ کار کے مطابق لاہورپریس کلب میں علامتی احتجاجی کیمپ لگایاگیاہے تاکہ پرامن انداز میں اپنے مطالبات حکام بالا تک پہنچائیں ۔ اور ہم توقع کرتے ہیں کہ ہوش کے ناخن لیتے ہوئے نگران پنجا ب حکومت صحافیوں کے حقوق پرشب خون نہیں مارے گی ، انھوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ صرف ایک ہے کہ پنجاب جرنلسٹس ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن ایکٹ کے مروجہ طریقہ کار کے مطابق لاہورپریس کلب کے ممبران کو یکساں رقبے کے پلاٹ الاٹ کئے جائیں اس کے علاوہ کوئی طریقہ ناتو شفاف ہے اور نہ ہی قابل عمل ہے کیونکہ ہماری لاہورپریس کلب کی لسٹ میں رپورٹرز، کیمر ہ مین ، فوٹوگرافر ، پروڈیوسر ، سب ایڈیٹر ، کاپی ایڈیٹر ، اسائنمنٹ ایڈیٹر کی کوئی تفریق نہیں ہے ۔ اسی لئے ہم پلاٹ فار آل یعنی پلاٹ سب کے لئے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ ارشد انصاری نے کہاکہ ہم توقع کرتے ہیں کہ پریس کلب کی چاری دیواری کے اندر ہونے والے پرامن احتجاج پر ہماری شنوائی ہوگی ، اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے تو یہ احتجاج لاہورپریس کلب کے باہر سی ایم ہاﺅس کے سامنے تک کیا جائے گا اور نتائج کی تمام تر ذمہ داری نگران وزیراعلی پنجاب پر ہوگی ۔ انھوں نے آج بدھ کو بھی احتجاجی کیمپ جاری رکھنے کا اعلان کیا جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انھوں نے کیمپ کے شرکاءکا شکریہ اداکیا۔لاہورپریس کلب کے سیکرٹری زاہد عابد کا کہناتھاکہ ہم کسی سے تصادم نہیں چاہتے پرامن اور افہام و تفہیم سے معاملہ طے کرنا چاہتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ ہمارے پرامن احتجاج کو کمزوری نہیں سمجھاجائے گا اور نگران وزیر اعلی پنجاب کسی بھی قسم کے ایڈونچر سے باز رہیں گے۔ سینئرنائب صدر شیراز حسنات کا کہناتھاکہ صحافیوں کے ہرکاز کے لئے سیاسی وابستگیوں سے ہٹ کر لوگ احتجاج میں شرکت کررہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے اور حکومت پر واضح کرتے ہیں کہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے ۔ احتجاجی کیمپ میں سینئر نائب صدر لاہورپریس کلب شرازحسنات ، نائب صدر امجد عثمانی ، ممبر گورننگ باڈی بدر سعید ، راناشہزاد ، عابد حسین کے علاوہ سینئر صحافی قمرالزمان بھٹی ، نواز طاہر، رانا خالد قمر ، عمر شریف ، خاور بیگ ، وقار بابری ، محمد عبداللہ ، قاضی طارق عزیز ، سید عتیق شاہ خ، مشفق راٹھور ، ظہیر احمد ، قیصر چوہان ، ڈاکٹر شجاعت حامد ، ندیم نواز شیخ ، امریز خان ، یاسین مغل ، میم سین بٹ ، حبیب چوہان ، دین محمد درد ، ندیم سلیمی ، زبیر محفوظ ، صداقت مغل ،جمال احمد، سیف اعوان ، ضیاءالرحمن ، عرفان راجپورت ، نواب مقبول ، قیصر مغل ، اکرم رفیق ، عطیہ زیدی ، فرزانہ چوہدری ، ، شاہدہ بٹ سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
لاہورپر یس کلب میں صحا فیوں کا احتجاجی کیمپ۔۔۔
Facebook Comments