کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے ایک وفد نے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن سے کے یو جے کے صدر حسن عباس اور جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار کی قیادت میں سندھ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کے یو جے کے نمائندوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور نومنتخب باڈی کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران کے یو جے کے وفد نے الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کے ایکٹ (PECA) کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا، تاہم، کے یو جے رہنماؤں نے صحافیوں کی حمایت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تاریخی کردار کی تعریف کی۔ کے یو جے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پیکا قانون کے حوالے سے صحافی کے تحفظات کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے۔ ملاقات کے موقع پر بات کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صحافیوں کی قربانیوں اور خدمات کو تسلیم کرتی ہے، مشکل وقت ہو یا سازگار وقت میں پیپلز پارٹی ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کی آزادی ضروری ہے، لیکن صحافت میں احتساب کے ساتھ ساتھ ذمہ داری بھی ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ صحافیوں کے مسائل کے حل اور آزاد میڈیا کے لیے کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میں ذاتی طور پر صحافی برادری کے تحفظات کے کے حوالے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کروں گا، انہوں نے وفد کو یقین دہانی کروائی کی صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ملاقات کے موقع پر سیکرٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات سلیم خان بھی موجود تھے۔