تحریر: ذوالفقار علی ببر۔۔
موضوع: کیمرا مین ایسوسی ایشن آف جرنلسٹ میں بدعنوانی اور کرپشن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔۔
محترم جناب،ہم یہ عرض کرنا چاہتے ہیں کہ کیمرا مین ایسوسی ایشن آف جرنلسٹ کی 12 رکنی کمیٹی پر سنگین کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات ہیں۔ مبینہ طور پر، یہ کمیٹی 30 لاکھ روپے کی کرپشن میں ملوث ہے اور گاڑیوں کی برد جیسے معاملات میں بھی ان کا کردار مشکوک ہے۔ اس کے علاوہ، یہ افراد ابھی تک مال بٹورنے میں مصروف ہیں اور اپنی بدعنوانی کو چھپانے کے لیے مختلف حیلے بہانے استعمال کر رہے ہیں۔
کمیٹی کے یہ ارکان نہ صرف اپنے فرائض سے غفلت برت رہے ہیں بلکہ کسی بھی سوال کا مناسب جواب دینے سے بھی قاصر ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر جاری اس کرپشن کے خلاف جب بھی کوئی بات کرتا ہے تو انہیں ایسے افراد کے ذریعے خاموش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جنہیں پیسے دے کر خریدا گیا ہے۔ یہ افراد بدتمیزی اور غیر اخلاقی رویے سے بات کا رخ موڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ان افراد نے مظلوم کیمرا مینوں کے نام پر مختلف جگہوں سے پیسے اکٹھے کیے ہیں، جن کا کوئی حساب کتاب نہیں دیا جا رہا۔ کیمرا مین میڈیا انڈسٹری کا سب سے مظلوم اور بے بس طبقہ ہے، جسے یہ بدعنوان افراد بری طرح نوچ رہے ہیں۔
لہذا، ہم کراچی یونین آف جرنلسٹ اور کراچی پریس کلب سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان ذمہ داران کو بے نقاب کیا جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اس کے علاوہ، ہم درخواست کرتے ہیں کہ فوری طور پر جنرل کونسل کا اجلاس بلایا جائے تاکہ اس معاملے پر بحث کی جا سکے اور ضروری اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
ہم امید کرتے ہیں کہ آپ اس اہم مسئلے پر جلد اور سخت ایکشن لیں گے تاکہ کیمرا مین برادری کے حقوق کی حفاظت ہو سکے اور میڈیا انڈسٹری میں شفافیت اور دیانتداری کو یقینی بنایا جا سکے۔شکریہ کے ساتھ۔۔(ذوالفقار علی ببر، بانی رکن)۔۔