پی ایف یوجے کی کال پر ملک بھر کی طرح کراچی یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں ضیاءآمریت میں 13مئ کو کوڑے کھانے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یوم عزم منایا گیا۔اس موقع پر شمعیں روشن کی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آزادئ صحافت بنیادی انسانی حقوق اور جمہوری اقدار پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ صحافیوں پر قائم تمام مقدمات ختم کیے جائیں آزادئ صحافت اور آزادی اظہار رائے کے خلاف بننے والے تمام کالے قانون ختم کیے جائیں قرارداد میں کوڑوں کی سزا پانے والے ھیروز ناصر زیدی خاور نعیم ہاشمی اور اقبال جعفری سمیت تمام آزادی وجمہوریت پسندوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا تقریب سے پی ایف یو جے کے خازن لالا اسد پٹھان کے یو جے کے صدر طاہر حسن خان ممبر ایف ای سی جاوید چوھدری سابق صدر کراچی پریس کلب و سابق چیئرمین ایڈھاک کمیٹی کے یو جے امتیاز خان فاران سیکریٹری پریس کلب شعیب خان کے یو جے کے جنرل سیکرٹری سردار لیاقت پروفیسر توصیف احمد سہیل سانگی سلیم صالح بوزدار شکیل چوھدری اور دیگر نے خطاب کیا ممبرمجلس عاملہ آفتاب ملک نے انقلابی نظم پڑھی۔اس موقع پرمقررین نے ناصر زیدی،خاور نعیم ہاشمی،اقبال جعفری کو ان کی خدمات کے حوالے سے سلام پیش کرتے ھوئے کہا کہ جس وقت صحافت پابند سلاسل تھی اور آزادی صحافت کا نام لینا بھی مشکل نظر آتا تھا، آمریت نے قلم کو زنجیروں میں جکڑ رکھا تھا اس وقت ہمارے ان ہیروز نے آزادی صحافت کیلیے کھڑے ہوکر قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں اور دور آمریت میں کوڑے کھائے اور آزادی اظہار کے متوالوں کو یہ پیغام دے دیا کہ جب بھی پاکستان میں جمہوریت اور آزادی اظہار کی تاریخ لکھی جائے گی تو ان ہیروز کے نام کے بغیر ادھوری تصور ہوگی۔انھوں نے کہا کہ اس وقت صحافی آزادی صحافت اور اپنی معاشی جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ اپنے حقوق کے حصول تک جاری رہے گی۔