کے یوجے اور پریس کلب عمران جونیئر کے خلاف سخت کارروائی کرے، بی یوجے۔۔۔

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کراچی پریس کلب کے ممبر علی عمران جونیئرنامی شخص کی جانب سے سوشل میڈیا پر پھیلائے گئے بے بنیاد، گمراہ کن اور غیر ذمہ دارانہ پروپیگنڈا مواد کی شدید مذمت کرتی ہے۔ یہ مواد سما ء ٹی وی کوئٹہ کے بیورو چیف اور کوئٹہ پریس کلب کے خلاف جھوٹے الزامات پر مشتمل ہے، جس کا مقصد بلوچستان کی صحافتی برادری کی ساکھ کو نقصان پہنچانا اور انتشار پیدا کرنا ہے۔بی یو جے ان بے بنیاد دعوؤں کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور اس عمل کو ایک منظم کوشش قرار دیتی ہے جس کا ہدف معزز صحافیوں اور اداروں کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔ کوئٹہ پریس کلب کی جمہوری روایت اور اراکین کے باہمی احترام کی طویل تاریخ ہے۔ غیر مصدقہ اور یکطرفہ بیانیے پھیلانا نہ صرف صحافتی اخلاقیات کے منافی ہے بلکہ میڈیا پر عوامی اعتماد کو بھی مجروح کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک تشویشناک رجحان ہے کہ بعض عناصر سوشل میڈیا کو آدھے سچ، افواہوں اور ذاتی مقاصد پر مبنی مہمات کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ حقائق کو غیر مصدقہ دعوؤں کے ساتھ ملا کر عوامی رائے کو متاثر کرنے، اندرونی اختلاف پیدا کرنے اور پلیٹ فارمز کو پروپیگنڈے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔بی یو جے ، کراچی پریس کلب ، کے یو جے ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور دیگرمتعلقہ حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ عمران جونیئر نامی شخص کے خلاف ضابطے کی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ مذکورہ شخص صحافت کی آڑ میں سوشل میڈیا کو ذاتی عناد، ہدفی کردار کشی اور تخریبی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کررہا ہے ۔ اس طرح کے رویے کو روکنا ناگزیر ہے تاکہ صحافی برادری کی یکجہتی اور ساکھ مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے کی گئی کسی کوشش سے متاثر نہ ہو۔

(نوٹ: بلوچستان یونین آف جرنلٹس (بی یوجے) کی  نو اگست کو جاری کردہ پریس ریلیز ہم نے من و عن شائع کی ہے، جس میں ایک لفظ بھی کم یا زیادہ نہیں کیا۔۔ ہم اس پوری پریس ریلیز کا بہت اچھی طرح پوسٹ مارٹم کرسکتے ہیں۔۔ بی یوجے کے بیانیہ کی دھجیاں اڑاسکتے ہیں ، لیکن ہمیں صحافیوں کی ملک گیر تنظیم پی ایف یوجے کی جانب سے صبر کرنے کا کہا گیا ہے،کیوں کہ یہ سارا معاملہ بی یوجے نے پی ایف یوجے کے سامنے بھی رکھ دیا ہے۔پیر تک دیکھتے ہیں  بی یوجے کے خلاف اس بکواس پریس ریلیز پر  کیا ایکشن  لیاجاتا ہے۔ جس کے بعد بی یوجے اور ہم آمنے سامنے ہوں گے۔۔ گھوڑا اور میدان دونوں حاضر ہیں۔۔علی عمران جونیئر)۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں