کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ کی نگراں وزیر اعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات ، پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے وزیر اعلی سندھ کو کراچی پریس کلب کے 700 نئے اراکین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ، ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں صحافیوں کے پلاٹس کی قیمتوں سے متعلق حکومت سندھ کے طے شدہ فارمولے پر عمل درآمد نہ ہونے اور میڈیا ہاؤسز میں جاری جبری بر طرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں کے بارے میں بریفنگ دی، ملاقات میں کراچی پریس کلب کے نائب صدر مشتاق سہیل ،جوائنٹ سیکرٹری اسلم خان ، ممبر گورننگ باڈی شمس کیریو ، ذوالفقار راجپر ، فاروق سمیع اور ذوالفقار واھوچو بھی شامل تھے ۔وزیر اعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کہا کہ ہم نظام کو درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ صحافیوں کے مسائل کو بھی جلد حل کیاجائے،انھوں نے کراچی پریس کلب کے نئے ممبرز کے پلاٹس اور ایم ڈی اے میں صحافیوں کے پلاٹوں کی قیمتوں سے متعلق حکومت سندھ کے طے شدہ فارمولے کے بارے میں متعلقہ اداروں سے رپورٹ لینے کے احکامات جاری کئے،وزیر اعلی سندھ نے کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صحافیوں سے جو وعدے کئے گئے ہیں اس پر عمل درآمد کے لئےوہ اپنا کردار ادا کریں گے اور بہت جلد کراچی پریس کلب کا دورہ کریں گے، سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نےدنیا اخبار کراچی سے یک جنبش قلم صحافیوں کی برطرفیوں سے متعلق وزیر اعلی سندھ کو آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ جو اخبارات اپنے دفاتر بند اور میڈیا ورکرز کو فارغ کر رہے ہیں ان کے سرکاری اشتہارات بھی بند کئے جائیں جس پر وزیر اعلی سندھ نے فوری طور پر سیکریٹری اطلاعات سندھ کو بزریعہ فون کال رابطہ کر کے دنیا اخبار سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ 80 فیصد صحافیوں کو برطرف کرنے والے اخبار کو سندھ حکومت سے اشتہار لینے کا کوئی جواز نہیں بنتا ، انھوں نے سیکریٹری اطلاعات سندھ کو کہا کہ وہ اس معاملے پر کوئی دباؤ برداشت نہیں کریں گے،نگراں وزیر اعلی سندھ نے دنیا اخبار کے معاملے پر نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی سے بھی رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ کراچی پریس کلب کی لیز کے معاملے پر نگراں وزیر اعلی جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس مسئلے پر متعلقہ فورم میں بات کریں گے۔کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے نگراں وزیر اعلی سندھ کو کراچی پریس کلب کا میمورنڈم بھی پیش کیا۔