سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے میں بانی پی ٹی آئی کیلئے دعا گو ہوں، اللہ بانی پی ٹی آئی کو صحت دے، جیل سے رہائی ملے مگر ساتھ عقل بھی دے کہ وہ پاکستان کیخلاف سازشیں نہ کرے، ہم دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف ہیں، یہی ہمارا اصولی موقف ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ میڈیا اور صحافتی تنظیموں کے ساتھ رہی ہے، آمرانہ و جابرانہ دور میں پیپلز پارٹی اور میڈیا ساتھ ساتھ رہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے جانے والے افطار ڈنر میں بات چیت کرتے ہوئے کیا ،پاکستان پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے صحافیوں کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن رہا ہے، شرجیل میمن نے کہا کہ ہم پہلے کی طرح صحافی حضرات کے لیے مزید پلاٹ دیں گے ۔کچھ میڈیا ہاؤسز ورکرز کو تنخواہیں نہیں دے رہے جبکہ وہ خود کروڑوں روپے کے اشتہارات لے رہے ہیں۔ ہم سب سے پہلے ان ورکرز کو تنخواہیں دلوائیں گے۔ کوئی ادارہ ملازمین کو تنخواہ نہیں دے تو اس کا بزنس روک سکتے ہیں ۔۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کینالوں کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے۔