معروف مصنف، مزاح نگار اور میزبان انور مقصود ان دنوں کینیڈا میں مختلف پروگرامز میں مصروف ہیں تاہم پاکستان میں ان کے کینیڈا جانے کے بعد سے ایک افواہ گردش میں تھی کہ وہ مستقل طور پر کینیڈا منتقل ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے اس افواہ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان مجھے چھوڑ سکتا ہے، میں پاکستان کو نہیں چھوڑ سکتا۔ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق انور نے کہا کہ ’’میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو ریٹائرمنٹ کے بعد کسی دوسرے ملک کے ’محب وطن‘ ہو جاتے ہیں۔میں جب ٹورنٹو آنے کے لیے جناح ایئرپورٹ کراچی پہنچا تو کچھ لوگوں نے پوچھا کہ کیا آپ پاکستان چھوڑ رہے ہیں، تو میں نے کہا کہ میں جلد واپس آ رہا ہوں۔ پاکستان ہی میرے لیے سب کچھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں پاکستانی ہوں اور پاکستان سے محبت کرتا ہوں۔ ہر سیاسی جماعت نے اپنا الگ پرچم بنا رکھا ہے۔ ان سب کو پاکستان کے پرچم تلے اکٹھا کرنا پڑے گا تاکہ پاکستان کو بچایا جا سکے۔