kisi media ko pese ki koi kami nahi

کسی میڈیا چینل کوپیسے کی کوئی کمی نہیں، عظمی بخاری۔۔۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات وثقافت عظمی زاہدبخاری نے کہاہے کہ لاہورپریس کلب ان کا گھر ہے اور یہاں آکر بہت خوشی محسوس کرتی ہوں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے لاہورپریس کلب کو جو گرانٹ دی پریس کلب کے صدرارشد انصاری نے اس کا بہترین استعمال کرتے ہوئے سولرسسٹم نصب کراکے تمام صحافی کمیونٹی کا دل جیت لیاہے اور وہ مبارکباد کے مستحق ہیں اور اس سے بجلی کے لاکھوں روپے کے بل کی بچت ہوگی۔صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمی زاہد بخاری لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں اور کلب سولر سسٹم کا افتتاح فیتہ کاٹ کر کیا۔ سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، نائب صدر امجد عثمانی ، جوائنٹ سیکرٹری جعفربن یار ، فنانس سیکرٹری سالک نواز ، ممبران گورننگ باڈی عمران شیخ ، رانا شہزاد ، اعجاز مرزا ، عابد حسین اور سید بدر سعید نے معزز مہمان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمی زاہدبخاری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ تمام صحافی میرے بھائی اور بہنیں ہیں،اسی پریس کلب کے باہر ہم سخت موسم میں احتجاج کرتے تھے تو میں سوچتی تھی کہ صحافیوں کی فلاح کے لئے موقعہ ملا تو کچھ کروں گی،میری وزیراعلی صحافیوں کے لئے ہر بات فورا مان جاتی ہیں،وزیراعلی خود آ کر پریس کلب میں 5 کروڑ کا چیک دینا چاہتی تھیں،مریم نواز بطور وزیراعلی بہت زیادہ کام کر رہی ہیں ،ایک سال سے کم عرصے میں 80 مختلف منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے جو حکومتیں 5، 5 سال میں نہیں کر پاتیں،آج صحافی کالونی ایف بلاک کے حوالے سے بھی میٹنگ ہوئی ہے،کچھ صحافیوں کے پلاٹس ان کو نہیں مل سکے تھے ،مجھے موقع ملا ہے تو میں ان تمام صحافیوں کے لئے کچھ نا کچھ کروں گی،آج ایف بلاک کی ڈیمارکیشن کا لیٹر میں ساتھ لے کر آئی ہوں،دعوے کرنے کے باوجود بہت سے وزراء یہ کام نہیں کر سکے، لیکن اللہ نے مجھ پر فضل فرمایا اور میرے ہاتھوں یہ کام ہو رہے ہیں،ارشد انصاری کا مجھے ساتھ نہ ملا ہوتا تو میں آپ صحافیوں کے لئے وہ سب کچھ نہ کر پاتی، میری خوش قسمتی ہے کہ میری لیڈر مریم نواز ہیں اور آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کے لیڈر ارشد انصاری ہیں،مریم نواز جلد ہی روڈا کے پلاٹس صحافیوں کے حوالے کریں گی، اس روڈا پر حکم امتناعی ہم نے مل کر ختم کروایا،جلد ہی اس نئی اسکیم کے لئے درخواستیں مانگ لی جائیں گی،میں نے کیمرے کے پیچھے کھڑے میڈیا ورکرز کے پلاٹس کے لئے بڑی جنگ لڑی،ابھی درخواستیں آتی ہیں تو پھر پلاٹ کامزید حتمی سائز طے کرینگے،میں ایک اور لیٹر اپنے ساتھ لے کر آئی ہوں جس کے تحت جرنلسٹس سپورٹ فنڈ کی مختلف گرانٹس کو مناسب حد تک بڑھا دیا گیا ہے، صحافیوں کی تمام درخواستوں کو میں نے منظور کر کے بھیج دیا ہے،اللہ کرے کہ پنجاب کا خزانہ اتنا مضبوط ہو کہ ہم صحافیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کر سکیں۔ ان کا کہناتھاکہ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے وزیراعلی کی گرانٹ کو سولر سسٹم لگا کر صحیح استعمال کیا ہے ،میری تجویز ہے کہ اس کلب کو فیملی کلب بنایا جائے جس کے لئے میرا محکمہ کچھ کر سکے تو میں حاضر ہوں۔انھوں نے کہاکہ وزیراعلی نے خواتین کے لئے سکوٹیز کی سکیم کا اعلان کر رکھا ہے، صحافی خواتین کے لئے بھی وزیراعلی سے مناسب وقت پر سکوٹیز کا اعلان کرواؤں گی،میرے لئے تمام صحافی قابل احترام ہیں،فیز ٹو کے لئے درخواستیں آئیں گی تو ان کی سکروٹنی کرینگے،پریس کلب کے پہلے سے موجود اراکین کی فہرست ہمارے پاس آ چکی ہے، ان کو دوبارہ درخواستیں دینے کی ضرورت نہیں ہو گی،لاہور سے باہر والے اضلاع کے صحافیوں کے لئے ملتان میں فیز ٹو اور ہر ڈویژ نل ہیڈ کوارٹر پر صحافیوں کی کالونی ہونی چاہیے ،میں ویج بورڈ ایوارڈ پر عملدرآمد کے حق میں ہوں اور میں اس پر ہمیشہ بات بھی کر چکی ہوں،میں مالکان سے درخواست کروں گی کہ میڈیا ورکرز کی کم از کم تنخواہ لازمی دی جائے اور تنخواہیں تاخیر کر کے زیادتی نہ کریں،کسی میڈیا چینل کو پیسوں کی کوئی کمی نہیں کیونکہ سب کو اشتہارات کے پیسے بروقت ادا کئے جا رہے ہیں۔ صدر ارشد انصاری نے اس موقع پر کہاکہ عظمی بخاری کو خوش آمدید کہتا ہوں، عظمی بخاری ہمارے لئے وزیر نہیں بلکہ ایک بہن کی طرح ہیں،ان کا رویہ حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں، ہمیشہ ایک جیسا ہی رہا ہے،کلب اور صحافی کے کسی بھی مسئلے اور حقوق کے لئے ان کی کاوشوں کی کوئی مثال نہیں ملتی،یہ بہترین صحافی دوست وزیر ہیں،ہم وزیراعلی مریم نواز کے بھی انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ دی۔ انھوں نے مزید کہاکہ تمام ایف بلاک والوں کو بہت بہت مبارکباد پیش کرتاہوں،آج ہم نے سولر سسٹم کے افتتاح کے لئے عظمی بخاری کو بلایا تھا ،یہ سسٹم وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی گرانٹ کی وجہ سے ہی ممکن ہو پایا،ایک سازش کے تحت عظمی بخاری پر صحافیوں کو دھمکی دینے کا غلط الزام لگایا گیا،عظمی بخاری نے بطور وزیر جو کام کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انھوں نے کہاکہ لاہور پریس کلب کا ہر کونسل ممبر پلاٹ کا حقدار ہو گا،پی ٹی وی، اے پی پی، ریڈیو پاکستان کے صحافیوں کے ساتھ ڈی جی پی آر کے ملازموں کو اس سکیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر صدر ارشد انصاری نے صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمی زاہدبخاری کو لاہورپریس کلب کی اعزازی ممبرشپ سوینئر پیش کیا اور انھیں کلب کارڈ اور پھول پیش کئے۔صدر ارشد انصاری نے کلب میں سولرسسٹم کی تنصیب کے لئے سیکرٹری زاہد عابد کی سربراہی میں قائم سولرسسٹم کمیٹی کے دیگرارکان فنانس سیکرٹری سالک نواز، سابق سیکرٹری ذوالفقارعلی مہتو،سابق ممبر گورننگ باڈی سید جواد علی رضوی اور کونسل ممبر عبدالقادر مدنی کی کاوش کو سراہا اور انھیں اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں