خصوصی رپورٹ۔۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے جوڑے شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کی علیحدگی ہوگئی ہے۔گزشتہ کچھ روز سے سائرہ اور شہروز سبزواری کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں لیکن اس حوالے سے اب اداکار نے خود ہی تصدیق کردی ہے۔ گلیکسی لالی ووڈ نامی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے شہروز سبزواری نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی اپنی اہلیہ کے ساتھ علیحدگی ہوچکی ہے۔’ ہماری علیحدگی کو 6 ماہ ہوچکے ہیں ، ہمارے کچھ ذاتی نوعیت کے اختلافات ہیں جو حل نہیں ہوسکتے۔خیال رہے کہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری 2006 سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے ، 2012 میں وہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ۔ علیحدگی اختیار کرنے والے اس جوڑے کی نورے شہروز نامی ایک بیٹی بھی ہے۔
شہروز سبزواری کے والد اور معروف اداکار بہروز سبزواری نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہروز سبزواری اور سائرہ شہروز کے درمیان طلاق کی خبریں بے بنیاد ہیں، سائرہ شہروز ناراضگی کی وجہ سے 6 ماہ سے اپنے میکے میں ہیں۔بہروز سبزواری نے کہا کہ خاندان کے بزرگ دونوں کے درمیان رنجشیں ختم کرانے کی کوشش کررہے ہیں، شادی شدہ جوڑوں میں اس طرح کی ناراضگیاں کوئی نئی بات نہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لیجنڈی اداکار بہروز سبزواری کے صاحبزاے شہروز سبزواری نے اپنی اہلیہ سائرہ شہروز سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی، دوسری جانب یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ اداکار شہروز سبزواری اور اداکارہ صدف کنول کے درمیان کچھ چل رہا ہے اور بہت سے لوگ میاں بیوی کے درمیان 7 سالہ رفاقت کے خاتمے کو یہی وجہ قرار دے رہے ہیں۔
اس حوالے سے شہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی بیوی سے علیحدگی اختیار کی ہے ، دونوں کے بیچ طلاق نہیں ہوئی، صدف کنول سے ان کی ملاقات ایک مہینہ پہلے ہوئی ہے جبکہ میاں بیوی کی علیحدگی 6 مہینے پہلے ہوئی تھی، اس لیے ان کا یہ فرض بھی بنتا ہے کہ صدف کنول کی عزت کا بھی دفاع کریں۔ شہروز سبزواری نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میں بہت دکھی ہوں کیونکہ جو میں نے نہیں سوچھا تھا وہ ہورہا ہے، مجھے اور میرے خاندان کی عزت کو ہم سے بات کیے بغیر ہی سڑک پر لایا جارہا ہے، اور ایک ایسی لڑکی کو بیچ میں گھسیٹا جارہا ہے جس کی کوئی غلطی نہیں ہے، بطور مسلمان میرا فرض بنتا ہے کہ میں اس لڑکی کی عزت کا بھی دفاع کروں۔شہروز سبزواری نے وضاحت کی کہ ان کی اپنی اہلیہ سے علیحدگی ہوئی ہے، دونوں میں طلاق نہیں ہوئی۔ ’ میرے اور سائرہ کے بیچ میں جو بھی ہوا ہے وہ ہمارا ذاتی معاملہ ہے، سائرہ میری بیوی ہے، ہم دونوں میں علیحدگی ہوئی ہے طلاق نہیں ہوئی، آج سے 6 مہینے پہلے ہم دونوں نے یہ فیصلہ کیا کہ ہمارے نظریات مل نہیں پارہے جس کی وجہ سے گھر کا ماحول خراب ہورہا ہے ، ا س لیے ہم نے دوری اختیار کی۔ دوری اختیار کرنے کے بعد یہ دیکھا جاتا ہے کہ ایک آدمی اور عورت مزید اکٹھے رہ پائیں گے یا نہیں، یہ ایک بہت ہی خوبصورت فیصلہ تھا لیکن آپ لوگوں نے اسے برا بنادیا ہے۔شہروز سبزواری نے کہا کہ اس وقت سائرہ ان کی بیوی اور عزت ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کے بارے میں کوئی کچھ بولے، اس لیے جن لوگوں نے ان کے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی ہیں وہ اپنے فعل پر معافی مانگیں۔اداکار نے کہا کہ صدف کنول سے ان کی ایک مہینہ پہلے اپنے کام کے سلسلے میں ملاقات ہوئی تھی جبکہ ان کی سائرہ سے علیحدگی 6 مہینے پہلے ہوئی تھی، اب اگر دو فنکار ایک ساتھ کام کر رہے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ان دونوں کے بیچ میں کچھ چل رہا ہے۔(خصوصی رپورٹ)۔۔