خصوصی رپورٹ۔۔
سندھ ہائی کورٹ نے پیمرا کو حکم دیا ہے کہ اے آر وائے نیوز چینل کی نشریات کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔بدھ کے روز سندھ ہائی کورٹ میں اے آر وائے نیوز انتظامیہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کے بعد عدالت نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیمرا کی جانب سے واضح کیا گیا کہ چینل کو بین نہیں کیا گیا اور نا ہی کسی کیبل آپریٹر کو چینل ہٹانے کا کہا گیا۔واضح رہے کہ اے آر وائے کی نشریات گذشہ روز اس وقت بند ہو گئی تھیں جب ایک شو کے دوران چیئرمین تحریک انصاف کے چیف آف سٹاف شہباز گل کی جانب سے ایک متنازع بیان دیا گیا جس پر ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا اور ان کو گرفتار بھی کیا گیا۔اے آر وائے کے سی ای او، نیوز ڈائریکٹر اور چند اینکرز کے خلاف بھی کراچی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
عدالت میں سماعت کے دوران پیمرا کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل کاشف حنیف نے موقف اختیار کیا کہ پیمرا نے چینل کو قانون کے تحت شو کاز نوٹس دیا ہے۔عدالت نے حکمنامے میں کہا کہ چینل کو وقت ضائع کیے بغیر بحال کیا جائے، جبکہ اے آر وائے کو شو کاز نوٹس کا جواب دینے کے لیے وقت میں بھی 15 اگست تک توسیع کر دی ہے۔عدالت نے حکمنامے میں لکھا کہ اے آر وائے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عدالت کی جانب سے حتمی فیصلے تک شہباز گل کو چینل پر نہیں بلایا جائے گا اور ایسی شخصیات کے معاملے میں انتہائی احتیاط سے کام لیا جائے گا جو ایسے کلمات ادا کر سکتے ہیں جن کی بنا پر پیمرا ایسا ہی شوکاز نوٹس پھر جاری کر سکتا ہے۔یاد رہے کہ اے آر وائے نیوز کی انتظامیہ نے اپنے چینل پر تحریک انصاف کے رہنما اور عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ادارہ ’فوج کے خلاف کسی مہم کا حصہ نہیں۔‘
گذشتہ روز اے آر وائے کے اینکر کاشف عباسی نے اپنے شو کے آغاز میں چینل کی انتظامیہ اور سی ای او سلمان اقبال کا موقف پیش کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ‘اے آر وائے شہباز گل کے بیان کی مذمت کرتا ہے۔ اے آر وائے ادارے کے طور پر کبھی بھی عدلیہ یا فوج کسی ادارے کے خلاف مہم کا حصہ نہ بنا ہے اور نہ آئندہ بنے گا۔ان کا کہنا تھا کہ چینل پر ماضی میں یہ بھی الزام لگتا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور ان کا کوئی گٹھ جوڑ ہے۔ ‘اے آر وائے ہمیشہ سے فوج کی عزت کرتا ہے، پاکستان کے لیے ایک مضبوط فوج کا حامی ہے۔ہم ایک پلیٹ فارم ہیں۔۔۔ ہم جب کسی کو لائن پر لیتے ہیں تو ہم کسی کا دماغ نہیں پڑھ سکتے کہ وہ ٹی وی پروگرام پر آ کر کیا کہے گا۔۔۔ شہباز گل نے (ٹرانسمیشن میں) آ کر اپنی رائے دی۔ ادارے کو یہ پتا نہیں تھا کہ وہ اس طرح کی گفتگو کریں گے کہ لوگ حکم نہ مانیں۔ یہ ہمارے لیے بھی سرپرائز تھا۔اے آر وائے کی انتظامیہ نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ وفاقی حکومت انھیں انتقام کا نشانہ بنانا چاہتی ہے۔ ‘پلیٹ فارم کے طور پر ہمارا اس سازش سے کوئی تعلق نہیں۔’
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھاری (پیمرا) نے سوموار کی شب مبینہ طور پر نفرت آمیز اور پاکستانی فوج کے اندر بغاوت کو اکسانے والے مواد کو نشر کرنے پر اے آر وائی چینل کو چھ صفحات پر مشتمل ایک طویل شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔پیمرا نے اے آر وائی نیوز کو تین دن میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ چینل یہ بتائے کہ اس نفرت انگیز مواد پر کیوں نہ اس کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے۔سوموار کی شام جاری ہونے والے اس شوکاز کے مطابق اس قانونی کارروائی کے نتیجے میں اے آر وائی کو پیمرا قانون کی دفعہ 29، 30 کے تحت جرمانہ، معطلی اور لائسنس کی منسوخی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ترجمان پیمرا محمد طاہر نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ اے آر وائی کی نشریات بغیر کسی دباؤ کے معطل کی گئی ہیں اور اس کی وجوہات شوکاز نوٹس میں درج ہیں۔پیمرا ترجمان کے مطابق پیمرا نے قانونی طریقے سے اپنی ذمہ داری پوری کی اور جب ایک ایسا بیان نشر ہوا تو پھر اس پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔پیمرا نے اپنے شوکاز نوٹس میں کہا ہے کہ ’اے آر وائی کی اینکر صدف عبدالجبار نے 27 جون کو نشر ہونے والی ایک خبر کو بریکنگ نیوز کے طور پر پیش کیا کہ حکومت کا ایک سٹریٹجک میڈیا سیل ہے کہ جس کا مقصد فوج کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا کر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بدنام کرنا ہے۔شوکاز نوٹس کے مطابق ’اس کے بعد پروگرام میں شہباز گل کو فون پر شامل کیا گیا، جنھوں نے نفرت انگیزی اور فتنہ انگیزی پر مبنی تبصرے کیے جو فوج کے اندر بغاوت پر اکسانے کے مترادف تھے۔پیمرا کے شوکاز نوٹس کے مطابق شہباز گل نے نہ صرف وفاقی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی بلکہ حکومتی اہلکاروں پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ فوج کے بیانیے کی ترویج کے ذریعے عمران خان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں۔پیمرا کے مطابق شہباز گل کے اے آر وائی پر نشر ہونے والے بیان میں ملکی آئین کے آرٹیکل 19 اور پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔اس شوکاز نوٹس کے ساتھ شہباز گل کے بیان کا متن بھی شیئر کیا گیا ہے۔پیمرا نے اپنے شوکاز میں شہباز گل کے بیان کو انتہائی قابل اعتراض، نفرت انگیز، فتنہ انگیز، مکمل غلط معلومات پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان واضح طور پر مسلح افواج کے اندر بغاوت کو ہوا دے کر قومی سلامتی کو خطرہ لاحق کرنے کے مترادف ہے۔پیمرا نے شہباز گل کے نشر ہونے والے اس بیان پر اپنے شوکاز نوٹس میں اے آر وائی کی انتظامیہ سے کہا کہ اس بیان کو نشر کرنے میں آپ کا مذموم ارادہ بھی شامل تھا، مذکورہ بالا نفرت انگیز، فتنہ انگیز اور بدنیتی پر مبنی مواد نشر کرنا آپ کے چینل کی بدنیتی ظاہر کرتا ہے جو انتہائی تشویش کا باعث ہے۔اپنے شوکاز نوٹس میں پیمرا نے اے آر وائی کے سی ای او کو خود یا اپنے کسی نمائندہ کو دس اگست دن دو بجے اسلام آباد میں واقع پیمرا کے دفتر آ کر تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ پیمرا نے عدم پیشی کی صورت میں چینل کے خلاف مزید سخت اقدامات اٹھانے کا بھی کہا ہے۔
اسلام آباد میں اے آر وائی کے بیورو چیف خاور گھمن نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ وہ پیمرا کے اس غیر قانونی اقدام کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ان کا کہنا تھا اے آر وائی نے اپنی پروفیشنل ذمہ داری پوری کی ہے اور حقائق پر مبنی یہ خبر بریک کی۔ ان کے خیال میں شہباز گل نے اپنے بیان میں کوئی ایسی بات نہیں کی جو فوج مخالف ہو۔واضح رہے کہ خاور گھمن اس پروگرام میں بطور تجزیہ کار بھی موجود تھے، جس میں شہباز گل نے یہ بیان دیا تھا۔خاور گھمن کے مطابق وہ یہ سمجھتے ہیں کیونکہ ان کا چینل ہی اس وقت ایسا میڈیا ہاؤس ہے جو سابق وزیراعظم عمران خان کے مؤقف کو بھرپور جگہ دیتا ہے تو انھیں اس کوریج کی سزا دی جا رہی ہے۔ان کے مطابق اگر کسی ایک شخص نے کوئی متنازع بیان دیا بھی ہے تو پھر آپ اس کے خلاف تادیبی کارروائی کر سکتے ہیں جیسے سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقاریر کے معاملے پر کیا گیا تھا اور پھر میڈیا پر یہ پابندی عائد کر دی گئی تھی ان کی تقاریر نشر نہیں کرنی۔
اس وقت سب سے اہم سوال تو یہی ہے کہ کیا پیمرا اے آر وائی کے خلاف اپنے مقدمے کا دفاع کر سکے گا؟پیمرا کے سابق چیئرمین ابصار عالم نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ پیمرا کے اکثر احکامات کے خلاف عدالتوں سے حکم امتناعی یعنی سٹے آرڈر مل جاتا ہے۔ان کے مطابق صرف ان مقدمات میں سٹے آرڈر کے کم امکانات ہوتے ہیں جہاں پیمرا نے خوب حقائق کی جانچ پڑتل کے بعد کارروائی عمل میں لائی ہو یا پھر کوئی مضبوط ادارہ پیمرا کے ساتھ کھڑا ہو۔ ابصار عالم کے مطابق بعض دفعہ پیمرا سے کہا جاتا ہے کہ یہ کارروائی عمل میں لائیں تو ایسے میں پیمرا پر انحصار ہوتا ہے کہ وہ پہلے خوب چھان بین کرے یا پھر فوری کسی کی خواہش پر کارروائی عمل میں لائے گا۔ان کے تجربے کے مطابق پیمرا کے حقائق پر مبنی احکامات کے خلاف بھی عدالتوں سے سٹے ملے ہیں۔ابصار عالم کے مطابق بہت کم ہی ایسا ہوتا ہے کہ پیمرا نے آزادانہ کوئی کارروائی عمل میں لائی ہو اور پھر عدالتوں سے ایسی کارروائی پر سٹے نہ ملے۔ ایک سوال کے جواب میں سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے بتایا کہ چینل کسی بھی قابل اعتراض یا نفرت انگیزی پر مبنی بیان کو روکنے کے لیے اپنی لائیو ٹرانسمیشن کو بھی قدرے تاخیر سے چلاتے ہیں۔ان کے مطابق اس عرصے میں چینل انتظامیہ کے پاس موقع ہوتا ہے کہ وہ کیسی ایسی بات کو روک سکیں۔ اس وجہ سے پیمرا بعض دفعہ کسی ایک مہمان کے تبصرے پر بھی چینل کے خلاف کارروائی عمل میں لاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر سب سے پہلے تو خود شہباز گل نے ہی اپنے بیان پر ردعمل دیا ہے اور اپنی کہی ہوئی بات کی تشریح پیش کی۔انھوں نے کہا کہ ان کا بیان یہ تھا کہ بیوروکریسی غیرقانونی احکامات نہ مانیں وہ قانون پر چلیں۔اس بارے میں مزید بات کرنے کے لیے بی بی سی نے شہباز گل سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔صحافی اور تجزیہ کار مظہر عباس نے پیمرا کی طرف سے اپنے ہی قواعد اور ضابطے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اے آر وائی کی نشریات معطل کرنے کی مذمت کی ہے۔صحافی مطیع اللہ جان نے لکھا کہ شہباز گل کے الفاظ کا تسلسل اور بیان کا بہاؤ اور پھر فون پر یہ سب کہنا اس بات کا اشارہ ہے کہ گل صاحب کچھ اور لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر تحریر شدہ نکات پڑھ رہے تھے۔صحافی حبیب اکرم نے لکھا کہ ٹی وی چینل بند کرنے سے آواز بند نہیں ہوتی۔(بشکریہ بی بی سی اردو)۔۔