کراچی پریس کلب نے خواتین صحافیوں کو سوشل میڈیا پرہراساں کیے جانے کے بڑھتے ہوئے رحجان پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔جمعرات کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکرٹری محمد رضوان بھٹی نے خواتین صحافیوں کو ہراساں کیے جانے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس رحجان کی حوصلہ شکنی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے ہی صحافت اور اہل صحافت کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ بہت سے صحافی قتل ہو چکے ہیں۔ بہت سے لاپتہ ہوئے اور بہت سوں کو بے روزگاری یا تنخواہوں میں کٹوتی کا سامنا ہے۔ ایسے میں خواتین صحافیوں کی آواز دبانے کے لیے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم چلانے اور انہیں ہراساں کرنے کا مقصد صحافت کا گلا دبانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ خواتین صحافی پاکستانی میڈیا کی توانا آواز ہیں۔ ہم کسی بھی صورت میں ان کی آواز کو دبانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہاکہ آزادی اظہار رائے صحافیوں کے ساتھ ساتھ ہر شہری کا بنیادی حق ہے لیکن اس حق کے استعمال کے دوران تہذیب کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔
