ڈان نیوزکے رپورٹر خاورحسین کی گاڑی میں ملنے والی نعش کے حوالے سے بی بی سی اردو کا کہنا ہے کہ ۔۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق سانگھڑ میں ہوٹل کے مینیجر نے پولیس کو خاور حسین کی لاش کے بارے میں گذشتہ رات دس بج کر 45 منٹ پر اطلاع دی تھی۔خاور حسین کی بیوہ ڈاکٹر شازیہ بلوچ نے سندھی میں اپنے ابتدائی بیان میں سانگھڑ پولیس کو بتایا ہے کہ ان کے شوہر خاور حسین کا ’کسی نامعلوم شخص نے کسی نامعلوم وجہ سے قتل کیا ہے۔انھوں نے یہ بھی بتایا کہ انھیں خاور حسین کی موت کے بارے میں خاندان کے ایک فرد سے معلوم ہوا تھا۔کراچی میں مقیم صحافی اور خاور حسین کے قریبی دوست سنجے سادھوانی نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کا خاور سے دس برس کا قریبی تعلق تھا اور وہ تصور بھی نہیں کر سکتے کہ ان کے دوست کے ساتھ یہ کچھ ہو گیا ہے۔سنجے کے مطابق ’میں اپنی اہلیہ سمیت رات کو خاور کے گھر پہنچا جہاں ان کی اہلیہ اور دو چھوٹے بچوں کو تسلیاں دینا شروع کیں۔ ان کے مطابق ’خاور کی اہلیہ یہ خبر سنتے ہیں بے ہوش ہو گئیں۔سنجے سادھوانی کے مطابق خاور کے والدین اور بھائی امریکہ منتقل ہو گئے تھے جبکہ سانگھڑ میں یہاں ان کی آبائی زمینیں ہیں جن کی نگرانی خاور کے ذمے تھیں۔
