صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے کہاہے کہ لاہورپریس کلب صحافیوں کا دل ہے یہاں آکر بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں مجھے صحافیوں کو درپیش مسائل کا بخوبی اندازہ ہے اور منتخب حکومت صحافیوں کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور پریس کلب کے خصوصی دورہ کے موقع پر کیا ۔ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئرنائب صدر شیراز حسنات ، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار ، ممبرگورننگ باڈی عمران شیخ ،رانا شہزاد، اعجاز مرزا ،محسن بلال ، فاطمہ مختاربھٹی اور عابد حسین نے معززمہمان کو کلب آمد پرخوش آمدید کہا۔ صدر ارشد انصاری نے صحافیوں اور لاہورپریس کلب کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراطلاعات عظمی زاہد بخاری نے یقین دہانی کرائی کہ سابق نگران حکومت کی جانب سے کلب کی روکی گئی گرانٹ جلد بحال کردی جائے گی ، صحافی کالونی میں قبضہ مافیاکے خلاف اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے اور ایف بلاک میں رکے ترقیاتی کام جلد مکمل کرلئے جائیں گے ۔ انھوں نے لاہورپریس کلب کے سلوگن پلاٹ فار آل کے موقف کی تائید کرتے فیز ٹو بارے میں اقدامات کی یقین دہانی کرائی ۔ معزز مہمان کو کلب کی جانب سے پھول پیش کئے گئے۔
خاتون وزیراطلاعات کا دورہ پریس کلب۔۔
Facebook Comments