ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل لاہور کو ٹک ٹاکر عائشہ کا انتظار ہے، نہ بیان ریکارڈ ہوا نہ موبائل فون کا فرانزک آڈٹ ہو سکا۔ تحقیقات التوا کا شکار ہونے لگیں۔گریٹر اقبال پارک میں ہونے والے واقعہ کی متاثرہ خاتون ٹک ٹاکر عائشہ نے اپنے ساتھی ریمبو کی جانب سے ویڈیو شئیر کرنے پر ایف آئی اے سائبر کرائم لاہور کو درخواست جمع کروائی تھی۔ درخواست جمع کروانے کے بعد ابھی تک ٹک ٹاکر عائشہ ایف آئی اے سائبر کرائم کو نہ مل سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ بیان ریکارڈ کروانے بھی نہیں آئی جبکہ درخواست میں درج ان کا نمبر بھی بند ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ٹک ٹاکر عائشہ ابھی تک موبائیل فون بھی فرانزک کے لیے جمع نہیں کروایا جس کی وجہ سے تحقیقات کا سلسلہ رکا ہوا ہے۔دریں اثنا مینارِ پاکستان لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں دست درازی کا نشانہ بننے والی خاتون عائشہ اکرم کو بلیک میل کرنے والے 6 ملزمان نے ضمانت کے لیے سیشن عدالت سے رجوع کر لیا۔ایڈیشنل سیشن جج نے پولیس سے 23 اکتوبر کو ریکارڈ طلب کر لیا۔بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار ریمبو سمیت جن ملزمان نے ضمانتیں دائر کی ہیں، ان میں محسن علی، محمد بلال، ظفر علی، منصب علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔ملزمان کا مؤقف ہے کہ خاتون نے جھوٹے الزامات عائد کر کے مقدمے میں نامزد کروایا تھا، اب ان سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے لہٰذا ان کو مزید حراست میں رکھنے کی ضرورت نہیں۔ملزمان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ٹرائل مکمل ہونے تک عدالت ضمانتیں منظور کرنے کا حکم دے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
